بنگلہ دیش کو ضرورپاکستان کے ساتھ جوہری معاہدہ کرنے پر غور کرنا چاہیے، پروفیسر ڈاکٹر شاہدالزامان

ڈھاکہ(صباح نیوز)ممتاز بنگلہ دیشی پروفیسربرائے انٹرنیشنل ریلیشنز اور سیکیورٹی اسپیشلسٹ ڈاکٹر شاہد الزامان نے کہا ہے کہ ہمیں(بنگلہ دیش)کوضرور پاکستان کے ساتھ جوہری معاہدہ کرنے پر غور کرنا چاہیے۔پاکستان بنگلہ دیش کا سب سے قابل اعتماد اور قابل بھروسہ سیکورٹی اتحادی ہے۔وہ ہمیں بھارتی جارحیت سے بچانے کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے۔

ان خیالات کااظہار پروفیسر ڈاکٹر شاہدالزامان ریٹائرڈ آرمڈ فورسز آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن(آراے اوڈبلیواے)کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں موجود ریٹائرڈ فوجی افسران کی جانب سے پروفیسر ڈاکٹر شاہد الزاماں کی تجاویز کو زبردست پزیرائی ملی۔

پروفیسر ڈاکٹر شاہدالزامان نے کہا کہ ہمیں اپنے سابق مخالف پاکستان کے ساتھ جوہری معاہدہ کرنا ہے، اتحادیوں کے بغیر اور ٹیکنالوجی کے بغیر بھارت کو روکا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کا سب سے قابل اعتماد اور قابل اعتماد سیکورٹی اتحادی ہے اور ہندوستانی یہی چاہتے ہیں کہ ہم اس پر یقین نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ نیوکلیئرائزیشن، مذاکرات اور ٹھوس دفاعی شراکت داری انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف بھارتی رویہ مسلسل دھمکانے والا ہے۔واضح رہے کہ طلبہ تحریک کے نتیجے میں 15 سال کی مسلسل حکمرانی کے بعد وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کی اقتدار سے بے دخلی کے بعد پہلی مرتبہ بنگلہ دیش میں 11ستمبر کوبانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش منایا گیا۔ شیخ حسینہ واجد کی برطرفی کے بعدبنگلادیش میں پاکستان کے حق میں اور بھارت کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں۔