امریکہ اسرائیل کو 20 بلین ڈالر سے زائد مالیت کے جنگی طیارے اور فوجی سازوسامان فراہم کرے گا


غزہ(صباح نیوز)اسرائیل اور فلسطین کے درمیان حالیہ جنگ کے آغاز کے بعد، امریکی فوج نے اسرائیل کو میزائل، بم اور دیگر ہتھیاروں پر مشتمل کئی ارب ڈالر کے ہتھیاروں کے پیکج کا اعلان کیا ہے۔

امریکی فوج جنوبی اسرائیل (مقبوضہ فلسطین) میں ایک فوجی اڈے پر نئی تعمیرات اور موجودہ تنصیبات کی جدید کاری پر بھی کام کر رہی ہے۔ امریکہ نے اسرائیل کو 20 بلین ڈالر سے زائد مالیت کے جنگی طیارے اور فوجی سازوسامان فروخت کرنے کی منظوری دی ہے۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے 19 بلین ڈالر مالیت کے F-15 طیاروں اور آلات کی فروخت کی منظوری دی ہے، ساتھ ہی تقریبا 774 ملین ڈالر کے ٹینک گولے اور 583 ملین ڈالر کی فوجی گاڑیوں کی فروخت کی بھی اجازت دی ہے۔ جدید ترین KC-46 Pegasus طیارے اسرائیل کی ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کی صلاحیت میں اضافہ کریں گے۔