لاہور(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ پٹرول ،ڈیزل کی قیمت میںاضافے سے مہنگائی بڑھے گی، حکومت نے عوام کو مہنگائی کا پیکج دیا ہے ۔
انہوں نے بیان میں کہا کہ وزیراعظم کے ریلیف پیکیج کے اعلان کے ساتھ ہی مہنگائی کا نیا طوفان آگیا، پٹرول نے 145 روپے لیٹر کی حد پار نہیں کی، موجودہ حکومت نے نالائقی، نااہلی، اور کرپشن کی ہر حد پار کی ہے، پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے سے زائد اضافہ مہنگائی میں اضافہ کرے گا، عوام کا زندہ رہنا محال ہوگیا ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے حکم پر حکومت ابھی پٹرولیم لیوی بڑھا کر مہنگائی میں مزید اضافہ کرنے والی ہے جو ظلم ہے، حکومت آئی ایم ایف سے بجلی کی قیمتیں بڑھانے کی شرط کے سامنے ڈھیر ہوچکی ہے ، اس طرح ملک نہیں چل سکتا، حکومت نے عوام کو مہنگائی کا پیکج دیا ہے ، قوم پوچھ رہی ہے ، یہ اچھے دن لائے ہیں؟۔
شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی کے ذریعے عوام کی جیبیں خالی کرنے سے ملک اور معیشت چل سکتی ہے، نہ ہی غریب کا گھر، قوم اب صرف اس حکومت سے نجات کی دعائیں کررہی ہے، حکومت کا جانا ہی عوام کے لئے ریلیف بن چکا ہے، موجودہ حکومت عوام کو صرف تکلیف دے سکتی ہے، ریلیف اس کے بس کی بات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی عوام پر ظلم کی علامت بن چکے ہیں اور ان کی خوشیوں کے قاتل بن چکے ہیں، تین سال میں موجودہ حکومت ملک کو راشن کارڈ پر لے آئی ، عوام پر مہنگائی کا کلہاڑا برسا کر عمران نیازی کہتے ہیں کہ مہنگائی کیوں بڑھ رہی ہے؟
تین سال میں خوردنی تیل کی قیمت میں 130 فیصد کا ظالمانہ اضافہ ہوچکا ہے، خوردنی تیل کا160 سے 369 پر پہنچ جانا ظلم اور ناانصافی کی انتہاہے۔انہوں نے کہا کہ ریلیف پیکیج کے اعلان کے ساتھ ہی مہنگائی کا نیا طوفان آچکا ہے، روٹی 12 سادہ نان 15 روپے کا ہونا قیامت ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ ثبوت ہے کہ حکومت کو غریب کا کوئی احساس نہیں، ملک اور عوام کی نجات اسی میں ہے کہ عمران نیازی مزید تباہی کرنے کے بجائے گھر چلے جائیں، ثابت ہوگیا کہ مہنگائی ، بے روزگاری اور معاشی تباہی تقریروں اور الزامات سے ختم نہیں ہوگی۔