پاکستانی وفد کوپ۔ 29میں شرکت کے لیے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو پہنچ گیا


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ رومینہ خورشید عالم کی قیادت میں ایک وفد کوپ۔ 29میں شرکت کے لیے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو پہنچ گیا ہے۔ پیر کو جاری بیان کے مطابق وفد میں پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت موسمیاتی تبدیلی عتیق الرحمان، اعلی حکام، محققین، سائنسدان اور دیگر موسمیاتی ماہرین شامل ہیں۔

رومینہ خورشید عالم نے باکو پہنچنے پر کہا کہ پاکستان موسمیاتی مطابقت پذیری اور ماحولیاتی استحکام کے لیے ملک میں کئے جانے والے تخفیف اور موافقت کے اقدامات کو اجاگر کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی اور عالمی شراکت اداروں کے ساتھ تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کی کوشش کرے گا، موسمیاتی خطرات سینمٹنے کے لیے موجودہ حکومت کے جاری اقدامات کو اس عالمی موسمیاتی کانفرنس میں اجاگر کریں گے۔وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر مختلف ممالک کے وفود سے ملاقاتیں بھی کریں گی تاکہ ترقی پذیر ممالک کے ماحولیاتی فنانس کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا جا سکے۔