فتح جنگ میں پچاس تولے سونا چوری کرنے والا ملزم گرفتار


فتح جنگ(صباح نیوز) فتح جنگ  میں پچاس تولے سونا چوری کرنے والا ملزم کو پولیس نے گرفتارکر لیا،دورانِ تحقیقات چوری شدہ سونا برآمد کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق فیصل عباس ولد غلام عباس ساکن پنڈ جنگل تحصیل فتح جنگ نے تھانہ نیوایئرپورٹ میں تحریری درخواست دائر کی کہ 2 سال قبل گھر بنوایا تھا جس میں الماریاں اور لاکر سب محمد فاروق ولد غلام مصطفی نے تیار کیں جن میں زیورات کے لیے ایک خفیہ خانہ بھی بنایا تھا جس کا علم صرف مجھے، میری بیوی اور تیار کنندہ محمد فاروق کو ہی تھا۔ اس خفیہ لاکر میں میری بیوی نے قریبا 50 تولہ سونا رکھا ہوا تھا۔ مورخہ 14/15 ستمبر کی درمیانی شب میں محمد فاروق نے میرے گھر سے 50 تولہ سونا چوری کیا۔

تھانہ نیوایئرپورٹ پولیس نے مقدمہ درج کر کے کارروائی کرتے ہوئے محمد فاروق ولد غلام مصطفی سکنہ راولپنڈی حال جنگل تحصیل فتح جنگ کو گرفتار کر لیا جس کا  جسمانی ریمانڈ  لے کر چوری شدہ سونا برآمد کر لیا گیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے تھانہ نیو ایئرپورٹ پولیس کو ستائشی کلمات سے نوازتے ہوئے کہا شہریوں کی جان و مال پر حملہ کرنے والے عناصر قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکتے،  اٹک پولیس جدید سائنسی ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا کر عوام و الناس کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی۔