اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے عبدالستار ایدھی کی برسی پر ان کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی نے تمام تفرقات سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت کی۔ پیر کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ عبدالستار ایدھی کی پاکستان اور انسانیت کیلئے بے مثال خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی انسان دوست شخصیت تھے، انہوں نے سماجی خدمات کے شعبہ میں گراں قدر خدمات سرانجام دیں اور نسل، مذہب، سماجی حیثیت سمیت تمام امتیازات سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ عبدالستار ایدھی نے بے لوث لگن سے ملک بھر میں ہسپتالوں، یتیم خانوں، پناہ گاہوں اور بحالی کے مراکز کی بنیاد رکھی۔ صدر مملکت نے دعا کی کہ اللہ تعالی عبدالستار ایدھی کی مغفرت اور ان کے درجات بلند فرمائے