پاکستان پر اقتصادی پابندیوں کیلئے ایک اور امریکی قرارداد پی ٹی آئی کا اگلا ہدف ہے، عرفان صدیقی


 اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی لیڈر اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خارجہ امور کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان سے ہدایات پرایک منظم مہم کے ذریعے پی ٹی آئی کے امیر اور صاحب حیثیت ووٹرز نے پیسے اور اثرورسوخ کے زور پر انتخابات لڑنے والے موجودہ ارکان کانگریس کو پاکستان مخالف قرارداد پر آمادہ کیا اور اب پاکستان پر اقتصادی سمیت ہر طرح کی پابندیاں لگوانے کی ایک اور قرارداد پی ٹی آئی کا اگلا ہدف ہے۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں مزید کہا ہے کہ امریکی انتخابات سر پر کھڑے ہیں۔ امیدوار اپنے حلقے کے ووٹرز کی حمایت اور چندے کے لئے بھاگ دوڑ میں ہیں۔ پاکستان سے ہدایات پرایک منظم مہم کے ذریعے پی ٹی آئی کے امیر اور صاحب حیثیت ووٹرز نے پیسے اور اثرورسوخ کے زور پر انتخابات لڑنے والے موجودہ ارکان کانگریس کو پاکستان مخالف قرارداد پر آمادہ کیا۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ بلا شبہ یہ پی ٹی آئی کی بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر اقتصادی سمیت ہر طرح کی پابندیاں لگوانے کی ایک اور قرارداد پی ٹی آئی کا اگلا ہدف ہے۔