لاہور میں گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا


لاہور(صباح نیوز)لاہور میں گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا ۔لاہور میں گیس کے صارفین نے بتایا کہ گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث ناشتہ اور کھانا بنانا مشکل ہو گیا۔اندرونِ شہر، گڑھی شاہو، نسبت روڈ، گوالمنڈی، باٹا پور، فیروز پور روڈ کے ملحقہ علاقوں، کاہنہ، سبزہ زار، ہربنس پورہ، جوہر ٹاؤن، اچھرہ، سمن آباد، چوبرجی، رائے ونڈ روڈ کی آبادیاں، کوٹ عبدالمالک، شاہدرہ، سگیاں پل، شالیمار، ٹاؤن شپ ، لاہورکینٹ، گھوڑے شاہ، انجینئرنگ یونیورسٹی سے ملحقہ آبادیوں، گرین ٹاؤن، کوٹ لکھپت، ڈیفنس، مسلم ٹاؤن اور دیگر علاقوں میں گیس غائب ہے۔

گیس صارفین نے کہا کہ شہر میں ایل پی جی بھی نایاب اور مہنگی ہو گئی ، ایل پی جی کا سرکاری ریٹ 234 روپے ہے جو بازار میں 300 روپے کلو میں مل رہی ہے۔گیس صارفین کے مطابق سوئی گیس حکام خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، ان کی جانب سے گیس کی بندش کا شیڈول بھی جاری نہیں کیا گیا، شکایات سینٹرز پر شکایات کی بھر مار ہے، کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔