کٹھوعہ میں مسجد کی بے حرمتی، مسلمانوں نے بلڈورز چلانے کی بھارتی کارروائی روک دی

  سری نگر،اسلام آباد(صباح نیوز) مقبوضہ کشمیر میں قا بض بھارتی انتظامیہ نے ضلع کٹھوعہ میں مسجد کی بے حرمتی کی  اوراسے گرانے کی کوشش کی تاہم  مقامی مسلمانوں کے احتجاج پر انتظامیہ  اپنے منصوبے میں ناکام ہوگئی ہے ۔  قا بض بھارتی انتظامیہ نے فورسز کی بھاری نفری کے ہمراہ  مسجد پر بلڈوزر چلانے کی کوشش کی جس کی مقامی مسلم آبادی نے سخت مزاحمت کی۔ اس دوران پانچ شہری اور بارہ پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ۔یہ واقعہ کٹھوعہ تحصیل سے ملحق کلیان پور پدری نامی علاقے میں پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق  اس موقع پرپولیس نے ہوائی فائرنگ بھی کی۔اسلام آبادکل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہاہے کہ بھارت مذہبی مقامات کی بے حرمتی سے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کرسکتا بلکہ اس سے جذبوں کو مزیدمہمیز ملے گی ۔

غلام محمدصفی نے مقبوضہ جموں وکشمیر کے علاقے کٹھوعہ میں مسجد کی بے حرمتی اوراسے گرائے جانے کی کوشش کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت تجاوزات کی آڑ میں علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے جیسے گھنائونے منصوبے پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے کہا کہ حریت کانفرنس مسجد کی شہادت کو دین میں مداخلت سمجھتی ہے جسے کسی صورت تسلیم نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ ہر انصاف پسند اس واقعے کے خلاف احتجاج کرنے والے لوگوں پر بہیمانہ تشدد کو بھارت کی کھلی ریاستی دہشت گردی قراردے گا۔ انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی فورسز کا غیرانسانی طرز عمل ان کے اخلاقی دیوالیہ پن کی عکاسی کرتاہے۔ حریت رہنما نے کہاکہ مقبوضہ خطے کے عوام کی مذہبی و ثقافتی شناختی کو نشانہ بنانا عالمی قانون اور بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت طاقت کے وحشیانہ استعمال اورمذہبی مقامات کو نشانہ بنانے سے کشمیریوں کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتا۔