جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے عہدیداران کی  شیفیلڈ میں برطانوی  پارلیمانی امیدواروں سے ملاقاتیں


شیفیلڈ(صباح نیوز) جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے عہدیداروں کا دورہ شیفیلڈ اور سٹوک آن ٹرینٹ۔ مسئلہ کشمیر کو برطانوی پارلیمنٹ میں اہمیت دلانے کے لئے برطانوی انتخابات میں حصہ لینے والے پارلیمانی امیدواروں سے ملاقاتیں۔کمیونٹی لیڈروں کی معاونت کا شکریہ ادا کیا۔ لیبر پارٹی کے پارلیمانی امیدواروں نے کشمیریوں کے حق خود رارادیت کے حصول اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کروانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کا وعدہ کیا۔ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے عہدیداروں نے برطانوی انتخابات کے دوران چلائی جانے والی کشمیر کیمپیئن کے حوالہ سے شیفیلڈ اور سٹوک آن ٹرینٹ شہروں کا دورہ کیا جس میں وہاں کے پارلیمانی امیدواروں، کونسلروں، میئرز، لارڈ میئرزاور کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ برطانیہ میں ہونے والے 04 جولائی کے عام انتخابات میں زیادہ سے زیادہ حصہ لے کر کشمیر دوست پارلیمانی امیدواروں کی کامیابی میں اپنا عملی کردار ادا کریں۔

جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین ستارہ پاکستان نے اس موقع پر دونوں شہروں کے کونسلروں اور کشمیری و پاکستانی راہنماں کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان خصوصی اجلاسوں کو منعقد کروانے میں معاونت کی اور وہاں کے پارلیمانی امیدواروں کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال، بھارتی انتخابات کے بعد نریندرہ مودی کی ہندوتوا پالیسیوں کے بارے میں بریف کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام سات دہائیوں سے زائد عرصہ سے بھارتی ظلم، جبر، تشدد اور ان گنت مظالم کا شکار ہو تے چلے آ رہے ہیں۔ کشمیری او رپاکستانی جس طرح فلسطین کے حق میں آواز بلند کر رہے ہیں اسی شدو مد کے ساتھ کشمیری عوام کا کیس بھی اپنے سیاستدانوں تک پہنچائیں اور اپنی بھرپور کوششوں اور کاوشوں سے صرف اور صرف کشمیر دوست اور فلسطین دوست پارلیمانی امیدواروں جنہوں نے ماضی میں بھی ہمارے ساتھ تعاون کیا اور ہمارے لئے آواز بلند کی ان کو برطانیہ کے عام  انتخابات میں کامیاب کروائیں۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ جو لوگ برطانوی پارلیمنٹ کے ممبر منتخب ہوں گے جنہوں نے ماضی میں ہمارا ساتھ دیا ہے تو وہ مذید بہتر انداز میں مسئلہ کشمیر پر ہماری آواز بن سکیں گے۔ اس سلسلہ میں برطانیہ کے تمام شہروں میں کشمیری و پاکستانی کمیونٹی، سیاسی، سماجی، مذہبی، کاروباری، فلاحی، رفاعی ودیگر شعبوں کے کارکنوں کے ساتھ تحریکی عہدیداروں نے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور کشمیر دوست پارلیمانی امیدواروں کو برطانیہ کے عام انتخابات میں کامیاب کروانے کے لئے بھرپور لابی کر رہے ہیں۔ مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین دونوں ہی برطانیہ کے پیدا کردہ مسائل ہے جنہیں برطانوی پارلیمنٹ اپنا اثر و رسوخ استعمال کر کے جلدا ز جلد اور پر امن طریقے سے حل کروا سکتی ہے۔ہم سمجھتے ہیں کہ لیبر پارٹی اس الیکشن میں بھاری اکثریت سے برطانیہ کے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی اور لیبر پارٹی کی قیادت اور لیبر پارٹی کے تمام کشمیر دوست اور فلسطین دوست منتخب شدہ نمائندے برطانوی پارلیمنٹ میں آواز بلند کریں گے اور برطانوی پارلیمنٹ پر زور دیں گے کہ بغیر کسی تاخیر کے مسئلہ کشمیر او مسئلہ فلسطین پر امن طریقے سے حل کروائے جائیں تا کہ کشمیری اور فلسطینی اقوام  دیگر اقوام کی طرح آزادی کے ساتھ باوقار زندگی بسر کر سکیں۔ وقت کا تقاضہ ہے کہ برطانیہ میں بسنے والی کشمیری کمیونٹی، پاکستانی کمیونٹی، تمام اقلیتیں و تمام کمیونٹی زیادہ سے زیادہ لیبر پارٹی کے پارلیمانی امیدواروں کو کامیاب کروائیں اور ہمیں امید ہے کہ لیبر پارٹی مسئلہ کشمیر اورمسئلہ فلسطین حل کروانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرے گی اور یہ دونوں مسائل لیبر پارٹی کے آنے والی حکومت میں ہی پر امن طریقہ سے حل ہو جائیں گے۔ لیبر پارٹی کے وہ تمام امیدوار جو آمدہ الیکشن میں کامیابی حاصل کریں گے ان سے بھی اپیل ہے کہ وہ اپنی پارٹی کے راہنماں، برطانوی پارلیمنٹ کو مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کی سنگین صورتحال اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہی دیں اور ان سے مشترکہ طور پر مطالبہ کریں کہ دنیا میں امن و استحکام کے لئے برطانیہ اپنا اثر رسوخ استعمال کرے اور مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کو لیبر پارٹی کی آمدہ حکومت کے دوران ہی حل کروا یا جائے۔

راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ہماری کشمیری و پاکستانی کمیونٹی کی جہاں دیگر مسائل کے حوالہ سے ڈیمانڈز ہیں وہیں بڑی ڈیمانڈز میں مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کا پائیدار اور دیرپا حل ہے جسے برطانوی حکومت اپنا اثر و رسوخ استعمال کر کے لیبر پارٹی کی حکومت میں ہی حل کروایا جائے۔ ہماری تحریک، ہماری لابی، ہمارے سرگرمیوں اور ہماری تمام ہم خیال جماعتوں، ہم خیال لوگوں اور سب سے بڑھ کر کمیونٹی کی یہ ڈیمانڈ ہے کہ لیبر پارٹی کے تمام امیدوار برطانوی انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرنے کے بعد اور ممبر برطانوی پارلیمنٹ منتخب ہونے کے بعد مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کو اپنی اہم ترین ترجیحات میں شامل کریں گے اور ان دونوں بین الا قوامی مسائل کو جلد از جلد حل کروائیں گے۔ یہ سب کچھ اسی صورت میں ممکن ہو گا جب ہم سب مل جل کر پورے برطانیہ میں برطانیہ کے عام انتخابات میں حصہ لینے والے لیبر پارٹی کے امیدواروں کو کامیابی سے ہمکنا ر کروائیں گے۔ تمام کمیونٹی سے اپیل ہے نوجوان، بوڑھے، خواتین اور وہ تمام افراد جو اپنے ووٹ کا حق استعمال کر سکتے ہیں وہ 04 جولائی کے باہر نکلیں، پولنگ اسٹیشنوں میں جائیں اور لیبر پارٹی کے تمام کشمیر دوست فلسطین دوست امیدواروں کی کامیابی پر اپنی مہر لگائیں اور ان سب کو بھاری اکثریت سے ممبر برطانوی پارلیمنٹ منتخب کریں تا کہ آنے والی لیبر پارٹی کی حکومت جہاں برطانیہ میں بسنے والی کمیونٹی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر سکے گی وہیں مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کو بھی حل کروائے گی۔ ان ملاقاتوں اور اجلاسوں میں جن اہم ترین شخصیات نے شرکت کی ان میں عنصب رضوان، سابق ممبر برطانوی پارلیمنٹ اولیویا بلیک، شیفیلڈ سینٹرل سے لیبر پارٹی کے امیدوار ابتسام، ڈپٹی لارڈ میئر شیفیلڈ کونسلر صفیہ سعید، ڈپٹی میئر رادرھم کونسلر نگہت بشارت، کونسلر عبدالقیوم، کونسلر ابرہیم، سابق کونسلر محمد معروف، اشفاق احمدکیانی، عرفان احمد چیئر مین پاکستان مسلم سینٹر شیفیلڈ،نثار احمد قریشی، شفقت مرزا، پروفیسر طارق محمود، پرفیسر تیمور شفیق، سابق لارڈ میئر سٹوک آن ٹرینٹ کونسلر ماجد خان، کونسلر باغ علی، ڈپٹی لیڈر سٹوک آن ٹرینٹ کونسل امجد وزیر، وسیم اکبر، لیبر پارٹی کے پارلیمانی امیدواروں گیرتھ سنیل، ڈیوڈ ویلیمز، ڈاکٹر ایلیسن گارڈنر، بیرونس رتھ سمیتھ و دیگر شامل ہیں۔