امریکی ایوان نمائندگان کی قرار داد کی کوئی قانونی حیثیت نہیں اور نہ ہی ہم اس پر عمل درآمد کے پابند ہیں ،بیرسٹر عقیل ملک

اسلام آباد(صباح نیوز)حکومتی قانونی امور کے ترجمان بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ امریکی ایوان نمائندگان کی اس قرار داد کی کوئی قانونی حیثیت نہیں اور نہ ہی ہم اس پر عمل درآمد کے پابند ہیں ، مخصوص سیاسی جماعت ایک مرتبہ پھر پاکستان کے موقف کی حمایت کی بجائے امریکہ کے ساتھ کھڑی ہوگئی ہے ،امریکی ایوان نمائندگان کی قرار داد کے خلاف پاکستان کی قومی اسمبلی میں پیش کی گئی قرار داد کی مخالفت تشویشناک امر ہے ، اب یہ قوم کی آنکھوں میں اور دھول نہیں جھونک سکتے ، پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے کسی بھی ملک میں اپنے اندرونی معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے ۔ قومی اسمبلی بجٹ سیشن کے اختتام پر پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔

حکومتی قانونی امور کے ترجمان بیرسٹر عقیل ملک نے بتایا کہ آج بجٹ سیشن کے اختتام پر امریکی ایوان نمائندگان میں پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے خلاف ہماری معزز رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک نے قرار داد پیش کی ہے ہمیں تو امید تھی کہ یہ قرار دار بھاری اکثریت سے منظور ہوگی لیکن پی ٹی آئی وہ ملک دشمن سیاسی جماعت بن چکی ہے جو ہر ریاست مخالف ہر اقدام میں صف اول میں پائی جاتی ہے ۔ پی ٹی آئی کے فارن چپٹر ، فنڈنگ کرنے والوں نے پی آر اینڈ لابنگ فرم کے ذریعے امریکی کانگریس کے اراکین کو پاکستان کے خلاف قرار داد لانے اور منظور کرانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، یہ افسوسناک امر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی رکن اسمبلی کی جانب سے پیش کی گئی قرار داد میں کہا گیا کہ پاکستان ،1973 کے آئین کی روح کے مطابق جمہوریت کے عالمی اصولوں اور اس میں درج بنیادی انسانی حقوق کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے ، ہمارے عوام کی امنگوں اور ہمارے بانیان کے وژن کے مطابق مذکورہ بالا اصولوں کی حفاظت اور ان کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعادہ کرنا، ایک مضبوط اور مستحکم جمہوری معاشرے کی تعمیر کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ ہے ۔ یہ امر افسوسناک ہے کہ امریکی ایوان نمائندگان کی قرارداد واضح طور پر پاکستان کے سیاسی اور انتخابی عمل کے نامکمل اور غلط فہمی کا نتیجہ ہے۔

اس امید کا اظہار کرتے ہیں کہ مستقبل میں امریکی کانگریس ہمارے عوام اور ممالک دونوں کے باہمی فائدے کے لیے تعاون کی راہوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے پاکستان امریکہ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں مزید تعمیری کردار ادا کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس قرار داد میں ہم ہر محب وطن کے ساتھ یہ ہی امید کر رہے تھے کہ وہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوگا لیکن آج بھی وہ سیاسی جماعت جس کی ایما  پر یہ امریکی ایوان نمائندگان میں قرار داد منظور ہوئی تھی وہ پاکستان کے موقف کے ساتھ کھڑا ہونے کی بجائے امریکہ کی حمایت میں کھڑی نظر آئی ہے کیونکہ وہ پاکستان کی قرار داد کی مخالفت کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اب عوام ان کے جھوٹے دعوئوں ، وعدوں اور تقریروں میں نہیں آنے والی ۔

انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب یہ مخصوص سیاسی جماعت امریکہ کو ایبسلیٹی ناٹ اور کیا ہم غلام ہیں کے نعروں ، بیرونی سازش اور مداخلت کے بیانیے کے ساتھ کھڑی تھی اور آج یہ سیاسی جماعت لابنگ فرمز کے ذریعے پاکستان کے مخالف کاموں میں سرفہرست ہے ۔بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ پی ٹی آئی کا اصل روپ سامنےآچکا ہے ، یہ دہشت گرد اور ملک د شمن جماعت ہے ، عوام ان کی کسی بات پر اعتبار نہ کرے ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اندر موجود محب وطن اراکین امریکی ایوان نمائندگان کی قرار داد کو قبول نہیں کر تے ، ہمارا اپنا قانون ،آئین ،قوائد و ضوابط ہیں ۔ بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ جان بوجھ کر اس مخصوصی سیاسی جماعت نے یہ حرکت کی ہے ، محب وطن لوگ سوچ بھی نہیں سکتے کہ وہ کبھی پاکستان کے خلاف کھڑے ہونگے لیکن یہ جماعت ملک دشمن عناصر اور قوتوں کے ہاتھوں میں کھیل رہی ہے