مولانا فضل الرحمان کو بزرگ، زیرک سیاست دان ہونے کے ناطے  معاشی بہتری کے حکومتی  اقدامات کو سراہنا چاہئے ۔ عطا اللہ تارڑ


اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑنے کہا ہے کہآئندہ انتخابات انشااللہ 2029 میں، مقررہ وقت پر ہوں گے، مولانا فضل الرحمان کو بزرگ اور زیرک سیاست دان ہونے کے ناطے  معاشی بہتری کے حکومتی  اقدامات کو سراہنا چاہئے۔جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی پریس کانفرنس پر ردعمل وزیراطلاعات نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان ہمارے  بزرگ اور قابل احترام سیاست دان  ہیں،سیاست میں  تمام مسائل کا حل صرف  مذاکرات میں ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں بیان بازی کی بجائے پارلیمان میں سیاست ہونی چاہئے،حکومت کی بہتر معاشی حکمت عملی سے ملکی سٹاک ایکسچینج تاریخی بلندی پر ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے،تجارتی خسارہ کم ہونے کے ساتھ روپے کی قدر مستحکم ہونا خوش آئند ہے۔عطا اللہ تارڑ نے واضح کیا کہ آئندہ انتخابات انشااللہ 2029 میں، مقررہ وقت پر ہوں گے، مولانا صاحب بزرگ اور زیرک سیاست دان ہونے کے ناطے آپ کو حکومت کے معاشی بہتری کے اقدامات کو سراہنا چاہئے۔