جماعت اسلامی کے لوڈشیڈنگ، مہنگی بجلی کے خلاف اسلام آباد کے سات مقامات پر واپڈا دفاتر کے سامنے احتجاجی مظاہرے

 اسلام آباد(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان حا فظ نعیم الرحمن کی اپیل پرلوڈشیڈنگ، مہنگی بجلی اور ظالمانہ بجٹ کے خلاف ملک بھر کی طر ح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سات مقامات جی ٹی روڈ ، سنگ جانی ، آئی نائن ، جی سکس ، بھا رہ کہو ، میڈیا ٹاون اور لہتراڑ روڈ پر واقع واپڈا کے دفاتر کے سامنے احتجاجی مظاہرے کیے گئے جس کی قیادت جماعت اسلامی کی ضلعی اور مقامی رہنمائوں نے کی، اس موقع پر شہر یوں کی بڑی تعداد نے مظاہروں میں شر کت کی ، مظاہرین نے بجلی کی قیمتوں میں اضا فے  اور حکو مت کے خلاف نعرے بازی کی۔ احتجاجی مظاہروں کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی محمد کاشف چوہدری ، ملک عبدالعزیز، ڈاکٹر طاہر فاروق، غلام سرور تبسم ، قاری نور رحمن ، سید علی گیلانی ، مولانا ولی اللہ بخاری نے کی ۔

اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کر تے ہو ئے نائب امیر جماعت اسلامی اسلام آباد اور تاجر رہنماء محمد کاشف چوہدری نے کہا بجلی بلوں میں بے تحاشا ٹیکسز کو قبول نہیں کرسکتے، قوم کب تک آئی پی پیز معاہدوں کے عوض کیپیسٹی چارجز ادا کرتی رہے گی، ان ظالمانہ معاہدوں پر نظرثانی کی جائے ، کیو نکہ مہنگی بجلی کے باعث ملک کی صنعتیں بند اور کاروبار تباہ ہو رہے ہیں،حکومت کی طرف سے بجلی کی قیمتوں میں مسلسل ظالمانہ اضافے کو عوام اور ملک کی صنعت و تجارت سے متعلقہ لوگوںنے مسترد کر دیا ہے ، انھوں نے کہا 200 یو نٹ کے بعد 201 یو نٹ کی کئی گنا قیمت اور اگلے 6 مہینے اسی ٹیرف پر بل کی وصولی سائنسی ڈاکہ ہے ،سلیب سسٹم کو ختم اور درجن سے زائد ٹیکسز کو واپس کر کے تمام یونٹس کی قیمت کو یکساں کیا جائے، وزیر داخلہ نے پنجاب میں ہزاروں جعلی یونٹ صارفین پر ڈالنے پر بجلی کے محکموں کی کرپشن بے نقاب کی ہے مگر اس میں ملوث افراد کے خلاف کو ئی کاروائی نہیں کی گئی ، ہم مہنگی ترین بجلی کے بعد تیز رفتار میٹر اور جعلی ریڈنگ ڈال کر صارف پر کیے جانے والے ظلم کا خاتمہ چاہتے ہیں، کاشف چوہدری نے کہا آئی پی پیز کو بجلی بنانے یا نہ بنانے کی صورت میں 2800 ارب روپے کی اضافی ادائیگی ناقابل قبول ہے،مہنگی بجلی کے باوجود گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کا عذاب اب مزید برداشت نہیں کر سکتے،حکومت آئی پی پیز کے ساتھ کیے گئے مہنگے معائدوں پر فی الفور نظر ثانی کرے۔ نائب امیر جماعت اسلامی ملک عبد العزیز نے کہا ملک میں اشرافیہ کے لیے مفت بجلی کی فراہمی فوری طور پر بند کی جا ئے ،حکومت پانی،کوئلہ،ہوا سے بننے والی سستی بجلی پیدا و مہیا کرنے کے اقدامات کرے اورمفت بجلی، لائن لاسز اور بجلی چوری کی قیمت عوام سے وصول کرنا بند کیا جائے،بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس نہ ہوا تو ملک گیر احتجاج کے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، انھوں نے کہا بجلی بلوں میں ظالمانہ اضافہ اور بے تحاشا ٹیکسز کو قبول نہیں کرسکتے،آئی پی پیز کے ساتھ کیے گئے ظالمانہ معاہدوں پر نظرثانی کی جائے۔