تمام ایجنسیاں عدالت کا حکم تسلیم کرنے کی پابند ہیں،لاہورہائیکورٹ


لاہور(صباح نیوز)لاہور ہائی کورٹ نے  رہنما پاکستان تحریک انصاف ڈاکٹر شہباز گل کے بھائی کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ تمام ایجنسیاں عدالت کا حکم تسلیم کرنے کی پابند ہیں۔

جسٹس امجد رفیق نے شہباز گل کے بھائی کی بازیابی کی درخواست پر سماعت کی، عدالتی حکم پر انسپکٹر جنرل پنجاب ڈاکٹر عثمان انور لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔سماعت کے دوران جسٹس امجد رفیق نے استفسار کیا کہ پولیس نے کیا ہر چیز کی محکمہ داخلہ سے اجازت لینی ہے ؟ اگر پولیس ایک بندے کو نہیں ڈھونڈ سکتی تو پھر ہم کسے کہیں ؟ پولیس کا عدالتوں کے ساتھ بھی یہی رویہ ہے، کل یہی لوگ عدالتوں میں ریلیف لینے کے لئے کھڑے ہوں گے، ہمارے سامنے روز ایک پولیس اہلکار کھڑا ہوتا ہے کہ ہمیں تھوڑا سا وقت دے دیں ہم ڈھونڈ رہے ہیں۔اس پر انسپکٹر جنرل نے کہا کہ حکومت نے اسی کام کے لئے آرگنائزڈ کرائم یونٹ بنایا ہے،

جسٹس امجد رفیق نے ریمارکس دیئے کہ اگر آپ اسے آرگنائزڈ کرائم یونٹ میں لے جا رہے ہیں تو پھر ہمیں بتا دیں ، کون مغوی کو اٹھا کر لے گئے؟ کیا طالبان تھے؟ کون لوگ تھے؟ آپ کے پاس ایسے لوگوں کی لسٹ ہوگی۔آئی جی پنجاب نے بتایا کہ مغوی کی آخری لوکیشن بحریہ ٹاؤن کی ہے، ہمیں جیو فینسنگ کے لئے ڈیٹا چاہیے، ہمیں جیو فینسنگ کے لئے  اجازت دی جائے۔اس پر عدالت نے کہا کہ کیا ہم نے اجازت دینی ہے؟ اتنے معصوم لوگ ہیں آپ؟ آئی نے جواب دیا کہ ہائی کورٹ کے حکم کے بعد ہمیں جیو فینسنگ کا ڈیٹا نہیں مل رہا، موبائل کمپنیاں ہمیں ڈیٹا نہیں دے رہی ہیں، آپ کی اجازت ہوگی تو ہی ہمیں ڈیٹا ملے گا۔ اس پر جسٹس امجد رفیق نے کہا کہ سی ڈی آر کے لئے میں الگ ہدایت دوں، جیو فینسنگ کے لئے الگ ہدایت دوں، سی ڈی آر کی اجازت عدالت نے کس لئے دی تھی؟ آپ لوگوں کی اپنی عقل کام نہیں کرتی۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ جیو فینسنگ سی ڈی آر سے مختلف ہوتی ہے، جیو فینسنگ میں اس علاقے کے ٹاورز کا ڈیٹا ملتا ہے، عدالت نے دریافت کیا کہ کتنی دیر میں یہ ہو جائے گا، کیا 6 ماہ میں ہو جائے گا؟ آئی جی صاحب کو کون تعینات کرتا ہے؟ وزیر اعلیٰ یا وفاقی حکومت ؟ تا کہ میں ان سے پوچھوں کے کیسے آئی جی لگا دیتے ہیں وہ جو آ کر ہمیں یہاں کہانیاں سناتے ہیں۔عدالت نے وکیل درخواستگزار سے مکالمہ کیا کہ پولیس آپ کے بندے کو نہیں دینا چاہتی، آپ کو بات سمجھ آ گئی ہے؟ آپ بتائیں کے بندہ کہاں ہے آپ کا ؟۔اس پر وکیل درخواستگزار نے کہا کہ ڈاکٹر شہباز گل نے ہمیں پیغام پہنچایا ہے اور وی لوگ بھی کیا ہے کہ انہیں فون آیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا ساتھ چھوڑ دیں، بندہ چھوڑ دیں گے، ہمیں لگتا ہے کہ ہمارا بندہ ایجنسیوں کے پاس ہے۔

اس پر عدالت نے ائی جی پنجاب سے مکالمہ کیا کہ آپ رابطہ کریں ایجنسیوں سے اور ان سے پوچھیں کہ آپ پر یہ الزام ہے جواب دیں، ساتھ ہی عدالت نے پنجاب حکومت کے وکیل کو ہدایت دی کہ ساری کمپنیوں کے فوکل پرنسز کو 2 بجے بلائیں، ایسا کرتے ہیں کہ دو سے تین وکیلوں کا ایک وفد بنا پر محکمہ داخلہ کو بھیج دیتے ہیں، وفد محکمہ داخلہ سے کہے کہ ایجنسیوں سے اس حوالے سے رپورٹ طلب کی جائے، تمام ایجنسیاں عدالت کا حکم تسلیم کرنے کی پابند ہیں۔جسٹس امجد رفیق نے مزید ریمارکس دیئے کہ اگر آئی بی نہیں کرے گی تو ہم ایف آئی اے کو کہہ دیں گے، اگر وہ بھی نہیں کرے گی تو ہم آئی ایس آئی کو کہہ دیں گے اور آخر میں پاکستان کے عوام کو کہوں گا کہ آپ بندہ ڈھونڈ دیں۔بعد ازاں عدالت نے دو بجے موبائل کمپنیز کے نمائندوں کو جیو فینسنگ کے بارے میں جواب دینے کے لئے طلب کر تے ہوئے کیس کی سماعت 4 جولائی تک ملتوی کر دی ۔