لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر بجلی کی ظالمانہ لوڈشیڈنگ ، بلوں میں ہوشربا اضافے اور مایوس کن بجٹ کے خلاف 28جون بروز جمعتہ المبارک کو لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ ، ساہیوال ،پنجاب سمیت پورے ملک میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے ۔جس میں مقامی ، ضلعی ، صوبائی اور مرکزی قیادت شرکت کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کے خون پسینے کی کمائی ٹیکسوں کی مد میں لوٹ کر اپنے شاہانہ پروٹوکول پر خرچ کر رہے ہیںاور کوئی پوچھنے والا ہی نہیں۔ بجلی کے بلوں پر 31مختلف اقسام کے ٹیکس نافذ ہیں، عوام بلوں کی ادائیگی کے لئے اپنا قیمتی سامان فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔ایک طرف ملک کے اندر شارٹ فال ساڑھے چھ ہزار سے تجاوز کر چکا ہے ، معاملات زندگی بری طرح متاثر اور صنعتیں بند ہو رہی ہیں جبکہ دوسری جانب بلوں نے عوام کے ہوش اڑا دیئے ہیں۔
نا اہل حکمرانوں کا عوام کو دیا جانے والا بجٹ مایوس کن بجٹ تھا ، جس میں قوم کو محض طفل تسلی دی گئی ہے ۔انہوںنے کہا کہ پی ڈی ایم ٹو کی حکومت بھی پی ڈی ایم ون کا تسلسل ہی ہے۔ بجٹ میں جس طرح عوام پر ٹیکسوں کی بھرمار کی گئی ہے اس سے قوم کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے ۔ تنخواہوں اور پنشن میں مہنگائی میں اضافے کے تناسب سے اضافہ کیا جانا چاہئے تھا ۔ عوام کو ریلیف نام کی کوئی چیز میسر نہیں۔ حالیہ بجٹ آئی ایم ایف اور اشرافیہ کا بجٹ ہے جس کو قوم کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی عوام کی حقیقی ترجمان اور اپوزیشن جماعت ہے ۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی زیر قیادت عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے سٹرکوں پر ہیں