لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ایک غیر سرکاری ادارے کی رپورٹ کے مطابق ملک میں 89لاکھ افراد منشیات کے عادی ہیں جبکہ 700افرادروزانہ موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں ۔افسوسناک پہلو یہ ہے کہ منشیات سے مرنے والوں کی شرح دہشت گردی سے مرنے والوں سے بھی کئی گنا زیادہ ہے ۔ حکومت اور متعلقہ ادارے محض کاعذی کارروائی کرتے ہیں عملاََمنشیات کی ترسیل کی روک تھام کے لئے کچھ نہیں ہو رہا ۔ نوجوان نسل منشیات کے استعمال سے برباد ہو رہی ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار میڈیا میں آنے والی ایک غیر سرکاری رپورٹس پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ منشیات فروش بلا خوف و خطر اپنا دھندہ کرتے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں ۔ملک کے مستقبل کے ساتھ کھیلنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے ۔یونی ورسٹیاں منشیات فروشوں کا اولین ٹارگٹ ہوتا ہے۔حالیہ دنوں میں جس طرح ملک کی مختلف یونی ورسٹیوں میں منشیات کے استعمال کے ہوشربا انکشافات منظر عام پر آئے اس نے حکومت اور سب اداروں کی کارکردگی کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کسی بھی ملک کا سرمایہ ہوتی ہے اس کے بہترین تربیتی عمل کو آسان بنانا اورحکومتی سطح پر پالیسیاں مرتب کرنا حکومتوں کا فرض ہوتا ہے ۔مگر بدقسمتی سے ہمارے ملک میں نوجوانوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے دعوے تو بہت کئے جاتے رہے ہیں مگر حقیقت میں سب نے، جس انداز میں کام کرنے کی ضرورت تھی، کام نہیں کیا۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نوجوانوں کو بہتر مستقبل دینا چاہتی ہے ۔
ملک و قوم اس وقت بد ترین حالات سے دوچار ہیں ۔وفاقی و پنجاب کابجٹ فراڈ ہے’ اشرافیہ کومزید مراعات دیں اور عوام پر ٹیکسوں کی بھر مار کی’ مہنگائی میں کمی کے لئے اقدامات نہیں کیے گئے،انتظامی اخراجات میں اضافہ کیا’صرف سرکاری ملازمین کونوازا گیا’بجٹ نے مزدوروں کو مایوسی کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔ موجودہ حکومت اپنے پہلے سو دنوں کی کاکردگی میں ہی ناکام دکھائی دیتی ہے ۔اس سے بہتری کی امید نہیں