کراچی(صباح نیوز) شعبہ اطفال جماعت اسلامی کراچی کے تحت شہر بھر میں بچوں کے لیے جون جولائی کی تعطیلات میں سمر کیمپ کے انعقاد کرنے اور عید الاضحی کی خصوصی سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے منصوبہ بندی کا اجلاس ادارہ نورِ حق میں منعقد کیا گیا۔ اِجلاس میں شعبہ اطفال کے ضلعی ذمہ داران، تعلیمی اداروں سے وابستہ افراد اور الخدمت کفالت یتامیٰ پروگرام کے ذمہ داران اور دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس کی صدارت ناظم شعبہ کراچی سید فصیح اللہ حسینی نے کی جب کہ اجلاس کی کاروائی کوآرڈی نیٹر شعبہ اطفال کراچی حارب حسین نے چلائی۔
شعبہ اطفال پاکستان کے مرکزی ممبر نجیب احمد حنفی نے شرکاء کے سامنے بچوں میں کام کے مقاصد پیش کیے۔ بعد ازاں اجلاس میں رمضان المبارک میں ہونے والی سرگرمیوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔ ناظم شعبہ اطفال ضلع ائیرپورٹ جہانزیب رازی نے ریسورس سینٹر شعبہ اطفال کی جانب سے تیار کردہ سمر کیمپ کا تربیتی نصاب ملٹی میڈیا پر پیش کیا۔ فصیح اللہ حسینی نے شرکاء کو ہدایت کی کہ شہر میں مختلف مقامات پر اسکولوں، مساجد و مدارس، مقامی پارکوں اور گھروں پر سمر کیمپس منعقد کیے جائیں اور شہر کے زیادہ سے زیادہ بچوں کو اس میں شریک کرکے ان کی تربیت کا بندوبست کیا جائے۔ اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ عید الاضحی کے موقع پر بچوں کو قربانی کے عظیم مقصد سے روشناس کروانے کے لیے پروگرامات منعقد ہوں گے جب کہ شہر بھر میں بچے الخدمت کے رضاکار بن کر چرم قربانی مہم میں حصہ لیں گے۔