کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی کراچی کے عبوری امیر منعم ظفر نے کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی کی جانب سے کراچی کے عوام پر 70ارب روپے کی رقم واجب الادا ہونے کے دعوے کے حوالے سے نیپرا کے چیئر مین وسیم مختار کو خط ارسال کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک کا کراچی کے عوام پر 70ارب روپے واجب الادا ہونے کا دعویٰ سراسر بے بنیاد اور جھوٹا ہے اور یہ دعویٰ غلط اعدادو شمار اور بوگس دستاویزات کے ذریعے تیار کیا گیا ہے ۔
کے الیکٹرک کا یہ دعویٰ خود نیپرا دو مرتبہ مسترد کر چکا ہے ، منعم ظفر خان نے خط میں چیئر مین نیپرا سے مطالبہ کیا ہے کہ کے الیکٹرک کے 70ارب روپے کے دعوے کی نیپرا قوانین کی روشنی میں شفاف تحقیقات کی جائے اور واضح تحریری فیصلہ کیا جائے تاکہ کے الیکٹرک آئندہ اس جھوٹے دعوے سے باز رہے ۔ منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک خود اہل کراچی اور قومی اداروں کی نا دہندہ ہے اور کے الیکٹرک انتظامیہ کراچی کے عوام پر 70ارب روپے کے جھوٹے دعوے کی آڑ میں کراچی کے عوام کے کلاء بیک کی مد میں 53ارب ، ڈبل بینک چارجز کے 13ارب اور میٹر رینٹ کے 11ارب روپے ہڑپ کرنے کی سازش کر رہی ہے جو کراچی کے عوام کے ساتھ سراسر ظلم و زیادتی ہو گی جبکہ کے الیکٹرک سوئی سدرن گیس کمپنی کے 177ارب روپے اور این ٹی ڈی سی کے 662ارب روپے کی بھی نا دہندہ ہے ۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ کے الیکٹرک کے کراچی کے عوام پر 70ارب روپے کے جھوٹے دعوے کی اصل حقیقت اس امر سے بھی واضح ہوتی ہے کہ کے الیکٹرک 23سال قبل کی رقم کو بھی اپنے دعوے میں شامل کر رہی ہے اور ملٹی ائیر ٹیرف کی اس مدت کی رقم بھی طلب کر رہی ہے جس کی مدت گزر چکی ہے اور اب اس کا کوئی جواز نہیں ۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ کے الیکٹرک کی ہٹ دھرمی اور دیدہ دلیری کا یہ حال ہے کہ بجائے اس کے کہ قومی اداروں اور اہل کراچی کے مذکورہ بالا اربوں روپے کی رقم کی ادائیگی یقینی بنائے، کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی نیپرا قوانین کے برخلاف شہر میں بدترین لوڈشیڈنگ جاری رکھنے پر بضد ہیں اور اس کے جواز کے لیے کراچی کے عوام پر 70ارب روپے کا جھوٹا دعویٰ کر رہے ہیں جسے کسی صورت میں بھی قبول نہیں کیا جاسکتا ۔