جماعت اسلامی ملک میں نظام کی تبدیلی کی جدوجہد کر رہی ہے، شاہد ہاشمی

کراچی (صباح نیوز)جماعت اسلامی ضلع شرقی کے امیر سید شاہد ہاشمی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ملک میں نظام کی تبدیلی کی جدو جہد کررہی ہے جماعت اسلامی اپنی تنظیم کی بنیاد پر کامیابی حاصل کرتی رہی ہے۔ تنظیم کی حیثیت جسم میں ہڈی کی طرح ہے جماعت اسلامی کا کام کارکن کی پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔ تنظیم کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا.

  ان خیالات کا اظہار انہوں نے علاقہ گلستان جوہر کے اجتماع ناظمین سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر قیم ضلع اور گلشن اقبال ٹاون کے چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد اور یوسی چیئرمین ڈاکٹر ریحان اور ناظم علاقہ عمران جعفری نے بھی خطاب کیا۔ شاہد ہاشمی نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک نظریہ کا نام ہے دعوت دین ،کارکن سازی، تربیت ، خدمت خلق اور سیاست کے ساتھ ساتھ ساتھ تنظیم پر بھی  توجہ دیں.

  انہوں نے کہا کہ جن ٹانز اور یونین کمیٹیوں میں ہم نے کامیابی حاصل کی ہے اس کی جواب دہی دنیا اور آخرت دونوں میں ہوگی  ٹیم بن کر کام کریں کامیابی اور ناکامی اجتماعیت کے لیے ہونی چاہیے۔ یہ چھوٹی سی زمہ داری ٹیسٹ پیپر ہے کامیاب ہوئے تو  اللہ تعالی مزید کامیابیوں سے نوازے گا۔ ہم سے کوئی کوتاہی ہوئی تواسلامی تحریک بدنام ہوگی۔