ایسوسی ایشن آف کراچی اسائمنٹ ایڈیٹرز کا الخدمت ہیڈ آفس کا دورہ

 کراچی(صباح نیوز) ایسوسی ایشن آف کراچی اسائنمنٹ ایڈیٹرز ( اے کے اے ای )کا الخدمت کی دعوت پر ہیڈ آفس کا دورہ کیا ۔ وفد نے سیکریٹری منور خان کی قیاد ت میں چیف ایگزیکٹو نوید علی بیگ اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی سے ملاقات کی ۔ الخدمت میڈیا کے منیجرز عبد الستار کشف ،عبید الرحمن ودیگر ذمہ داران موجود تھے ۔وفد کو الخدمت کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دی گئی جس پر وفد نے خوشی کا اظہار کیا اور الخدمت کی تمام کاوشوں کو سراہا ۔

اس موقع پر نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت زندگی کے8شعبہ جات میں کام کررہی ہے ،الخدمت کا ہرشعبہ کام کے اعتبار سے اپنی مثال آپ ہے ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت صحت کے شعبے میں کام کر رہی ہے ،اس کے 4بڑے اسپتال شہر میں لوگوں کی خدمت میں مصروف ہیں ،اسٹیٹ آف دی آر لیبارٹری ناظم آبادمیں قائم کی جا چکی جہاں ارزاں نرخوں پر مہنگے ٹیسٹ کیے جاتے ہیں ،یہاں میمو گرافی ،ایم آرآئی اور سی ٹی اسکیں جیسے ٹیسٹ بھی کیے جاتے ہیں ،معیارپر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جاتا ، کورونا کے دنوں میں ہم نے بڑے کام کیے ۔الخدمت کی لیبارٹریز اور کلکشن پوائنٹس بھی کام کر رہے ہیں ،

انہوں نے کہا ہم تعلیم کے میدان میں بھی خدمات انجام دے رہے ہیں 5اقرا اسکول اور 75مدارس کام کر رہے ہیں ، یتیم بچوں کی کفالت کا بھی فریضہ انجام دے رہے ہیں ،2000سے زائد بچوں کی کفالت ان کے گھروں پر کی جارہی ہے۔آغوش ہوم گلشن معمار میں 100یتیم بچے رہائش پذیر ہیں ،جنہیں صحت ،تعلیم ،لباس ،خوراک سمیت تمام سہولتیں دی جارہی ہیں ،ہم ایک لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے بھی دیتے ہیں تاکہ ضرورت مند غریب بے روزگاروں کو ان کے پیروں پر کھڑا کیا جا سکے ۔کمیونٹی سروسز میں ہیلپ سینٹرزکے ذریعے لوگوں کو پیشنٹ بیڈ ، وہیل چیئرز ،بیساکھی سمیت دیگر اشیا فراہم کی جاتی ہیں ،ونٹر پیکیج ،راشن ،ہندوؤں اور عیسائیوں کے تہواروں پر انہیں تحائف وراشن دیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمار اڈیزاسٹر مینجمنٹ کا شعبہ نہایت فعال ہے اور ہر وقت مستعد رہتا ہے ،یہ ہنگامی حالات ،زلزلوں ،طوفانی بارشوں اور عام ایام میں درپیش ہنگامی صورتحال میں بھی خدمت میں پیش پیش رہتا ہے ،بنو قابل ہمارا بڑا منصوبہ ہے، ہم نوجوانوں کو 15کورسز کروارہے ہیں تا کہ یہ نوجوان آئی ٹی کی اسکل حاصل کرکے اپنے خاندان اور اس ملک وملت کی ترقی میں کردار ادا کریں ۔

انہوں نے کہا ہم موبائل رپیئرنگ ،ٹیلرنگ سمیت دیگر کورسز کروا کر نوجوانوں کو ہنر مند بنا رہے ہیں ۔ سیکریٹری ایسوسی ایشن آف کراچی اسائنمنٹ ایڈیٹرزمنور خان نے کہا کہ آج صحافی مشکلا ت کا شکار ہیں ۔موجود ہ دور ڈیجیٹل کی جانب جا رہا ہے ۔ہم چاہتے ہیں کہ ہماری ایسوسی ایشن کے لوگ ڈیجیٹل سے منسلک ہونے کیلئے مختلف کورسز کریں ۔الخدمت اس سلسلے میں بنو قابل پروگرام کے تحت صحافیوں کیلئے بھی کورسز کا اہتمام کرے ۔ہم چاہتے ہیں کہ صحافیوں کی اسکلز میں اضافہ ہواورجدید صحافتی تقاضوں سے ہم آہنگ ہوں ۔ایگز یکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی نے کہا کہ بلاشبہ میڈیا کے شعبے کی ترجیحات بدل رہی ہیں ،صحافیوں کو خود بھی ڈیجیٹل کی طرف منتقل کرنا چاہیے اور اس کی اسکلز حاصل کرنی چاہئیں ،

انہوں اسائنمنٹ ایڈیٹر ز سے کہا کہ اگر وہ ڈیجیٹل کی طرف آنا چاہتے ہیں تو ہم آپ کو یہ کورسز کروانے کیلئے تیار ہیں ۔الخدمت اس کیلئے آپ کو موقع فراہم کرے گی ۔راشد قریشی نے کہا کہ موسم گرما کی تعطیلات میں ہم سمر کیمپ منعقد کر رہے ہیں ،جس میں آپ کی ایسوسی ایشن اراکین بچوں کو موقع فراہم کریں گے ،جوراکین خواہش مند ہوں وہ رجو ع کرسکتے ہیں ۔ایک سوال پر راشد قریشی نے کہا کہ الخدمت واحد این جی او ہے جسے مظلوم فلسطینیوں تک امداد پہنچانے کا اعزاز حاصل ہے ۔الخدمت جنگ سے قبل وہاں اپنی پارٹنر این جی اوز کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے ۔

مصر میں فلسطینیوں کیلئے ایک فیلڈ اسپتال قائم کرنے کامنصوبہ رکھتے ہیں ۔اب تک امدادی سامان کی 8بڑی کھیپ فلسطین بھجوائی جا چکی ہیں ،فلسطینی آج بھی مشکلات کا شکار ہیں اور انہیں اب بھی بڑی امداد کی ضرورت ہے ۔