کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے جو اصلاح معاشرہ کے ساتھ ظالمانہ وجابرانہ نظام کیخلاف اور اسلام کے عادلانہ نظام کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ 08فروری کے انتخابات میں حلقہ خواتین کا کردار قابل تحسین ہے، سندھ کے گاؤں گوٹھوں میں خواتین تک جماعت اسلامی کی دعوت وپیغام کو عام کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کی جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ خواتین سندھ کے ذمہ داران کے اجلاس سے گفتگو کے دوران کیا۔ناظمہ صوبہ حلقہ خواتین رخشندہ منیب نے صوبائی امیر کو تنظیمی ودعوتی رفتار کار سمیت انتخابات اور آئندہ کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔ صوبائی امیر نے کہا کہ جب تک عوام بیدار ہوکر فرسودہ نظام کے خاتمے اور اسلام کے عادلانہ نظام کیلئے اٹھ کھڑے نہیں ہوتے اس وقت تک ملک وقوم کی تقدیر بدل نہیں سکتی۔ قیام پاکستان سے لیکر اب تک برسراقتدار آنے والے حکمرانوں نے ملک وقوم کی بجائے اپنے ذاتی مفادات کی تکمیل کی ہے جس کی وجہ سے ملک مہنگائی، بدامنی، بیرونی قرضوں اور دہشتگردی کا شکار ہے۔فارم 47کی پیداوار قیادت کو عوام پر مسلط کرکے عوام کے ارمانوں کا قتل کیا گیا ہے،عوام آئین وقانون پر عملدرآمد کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔