ملک لاقانونیت، آئین کی پامالی، بدترین اقتصادی بحران کا شکار ہے۔ لیاقت بلوچ

کراچی(صباح نیوز)جماعتِ اسلامی پاکستان کے نائب امیر، مجلسِ قائمہ سیاسی قومی امور کے صدر لیاقت بلوچ سے کراچی میں امیر جماعتِ اسلامی سندھ محمد حسین محنتی، امیر جماعت، اسلامی حلقہ کراچی منعم ظفر، سندھ کی قوم پرست جماعتوں کے رہنماؤں ایاز لطیف پلیجو، گلزار سومرو جگدیش آہوجا اور جے یو آئی رہنما مولانا عبدالکریم عابد نے ملاقات کی۔

اِس موقع پر لیاقت بلوچ نے کہا کہ پورا ملک لاقانونیت، آئین کی پامالی، بدترین اقتصادی بحران کا شکار ہے۔ بیاعتمادی، بے یقینی کی وجہ سے اندر ہی اندر انارکی کا زہر پھیلتا جارہا ہے، عدلیہ تاریخ کے بدترین دباؤ میں ہے، ملک میں سیاست، عدلیہ، حکومت اور سِولـملٹری اسٹیبلشمنٹ کی غیرآئینی کشمکش سیاست، جمہوریت، پارلیمنٹ اور عوام کے حقوق پر خوفناک اثرات مرتب کررہی ہے اور مستقبل میں غیرآئینی آیڈونچر کے خطرات بڑھ رہے ہیں۔ تمام اداروں، پالیسی سازوں اور حکمرانوں، طاقت ور اداروں کو ذاتی خواہشات، بالادستی کی ہوس ترک کرکے آئیی حدود کو تسلیم کرنا ہوگا، وگرنہ سب بڑے نقصانات سے دوچار ہونگے۔

پاک فوج قومی سلامتی کے لیے بڑی قربانیاں دے رہی ہے لیکن سیاسی کردار کی وجہ سے افواجِ پاکستان سے عوامی محبت، عقیدت کمزور تر ہورہی ہے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ سیاسی، اقتصادی بحران کی وجہ سے سیاسی عدم استحکام بڑھتا جارہا ہے۔ وفاق اور صوبوں کے درمیان تناؤ اور کھچاؤ قومی سلامتی کے لیے خطرناک ہوگیا ہے۔ 8 فروری 2024ء  کے انتخابی نتائج کی تبدیلی سیاست کو غیرمقبولیت کی کمزور ترین سطح پر لے آئی ہے۔ فارم 45 ہی اصل عوامی مینڈیٹ کا اظہار ہے۔ اسٹیبلشمنٹ اور اْس کے سہولت کاروں نے ہوسِ اقتدار میں عوامی مینڈیٹ کو روند دیا ہے۔ اگر عوامی مینڈیٹ کو تسلیم نہ کرنے کی روِش اسی طرح جاری رہی تو ملک میں بدامنی، لاقانونیت اور پاور پالیٹکس کی یہ بدنما کشمکش ملک کو تباہ کردے گی۔

لیاقت بلوچ نے جماعتِ اسلامی کراچی کی قیادت سے ملاقات کے بعد کہا کہ 2 جون کو کراچی میں امیرِ جماعت حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں غزہ ملین مارچ فقیدالمثال اور تاریخ ساز ہوگا۔ غزہ، رفح میں فلسطینیوں پر قیامت ڈھائی جارہی ہے، عالمی عدالتِ انصاف کے جنگ بندی کے فیصلہ کو اسرائیل نے روند دیا ہے، بیگناہ انسان قتل ہورہے ہیں، اقوامِ متحدہ اور عالمِ اسلام کی قیادت مجرمانہ غفلت کے ساتھ خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ امریکہ نے بار بار اسرائیل کی ناجائز مدد کرتے ہوئے یو این سیکیورٹی کونسل میں ویٹو کے غلط استعمال سے پوری دْنیا کے امن کو خطرات میں ڈال دیا ہے۔

امریکہ اور یورپ کی اسلام دشمنی کی انتہا ہے کہ یونیورسٹیز اور عوامی سطح پر رائے عامہ کی آواز سْننے کو تیار نہیں۔ اِن ممالک کی قیادت انسان دشمن رویے سے خود اپنے عوام کے انتقام کا شکار ہونگے۔ فلسطینی سربلند ہیں، اسرائیلی صیہوی دْنیا کے سفاک جنگی مجرم ہیں۔ لیاقت بلوچ نے کراچی پریس کلب کے سیکرٹری شعیب خان اور “وینجھار” کے ایڈیٹر مجاہد چنا کو ملاقات میں یقین دلایا کہ پیمرا قوانین اور پیکا ایکٹ میں صحافت کو غلام بنانے کے حکومتی عزائم کو ناکام بنانے کے لیے جماعتِ اسلامی صحافیوں کے ساتھ ہے۔ حکمران آزادی صحافت پر قدغن لگانے کے آمرانہ عزائم سے باز رہیں۔