کراچی(اسٹاف رپورٹر) 27 مئی 2024 جماعت اسلامی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات مجاہدچنا نے گھوٹکی میں مسلح افراد کے ہاتھوں شہید ہونیوالے صحافی نصراللہ گڈانی کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے عوامی آوازمیڈیا گروپ کے چیف ایڈیٹرڈاکٹرجبارخٹک کی زیرقیادت کراچی پریس کلب پر منعقدہ احتجاجی مظاہرہ میں شرکت کی ۔
انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ صحافی نصراللہ گڈانی ایک نڈروبے باک صحافی تھے،ظلم وظالموں کے خلاف بے خوف ہوکربولتے اورلکھتے تھے ہرجگہ مظلوموں کی آوازبن کرظالموں کو للکارتے تھے ان کا ظالمانہ قتل آزادی صحافت کا گلاگھونٹنے کے مترادف ہے،
صوبائی رہنما نے کہاکہ جماعت اسلامی مرحوم کے ادارے اوراس کے خاندان کے ساتھ دکھ کی اس گھڑی میں برابر کی شریک ہے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ قاتلوں اورماسٹرمائندکو قانون کے شکنجے میں لاکرنشان عبرت بنایاجائے۔صحافی نصراللہ گڈانی کا یہ پہلا قتل نہیں اس سے قبل سکھر کے صحافی جان محمد مہر،اجے لالوانی ،عزیز میمن کو بھی اسی بیدردی کیساتھ قتل کیاجاچکا ہے جن کے قاتلوں کو ابھی تک کیفرکردارتک نہیں پہنچایا گیا ہے۔
یادرہے کہ نصراللہ گڈانی کو گھوٹکی کے صدرمقام میرپورماتھیلوں میں21مئی کو نامعلوم افراد نے حملہ کیا جس کو علاج کے لیے کراچی لایا گیا تاہم وہ جانبرنہ ہوسکے اور24مئی کو انتقال کرگئے۔اس کی شہادت پرپوری صحافی برادری سراپااحتجاج ہے۔کراچی پریس کلب پرہونے والے مظاہرے میں کراچی پریس کلب کے سابق سیکرٹری وسینئرصحافی مقصوداحمد یوسفی سمیت سیاسی سماجی قوم پرست رہنما اورصحافی برادری شریک تھی۔