الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت ” ماں ” اور ہماری سماجی ذمہ داری کے عنوان سے تقریبات

کراچی(صباح نیوز) الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت ماؤں کے” عالمی دن ”کی مناسبت سے شہر بھر میں قائم کلیسٹرز میں ” ماں اور ہماری سماجی ذمہ داری کے عنوان سے تقریبات کا اہتمام کیا گیا ۔لیاری ،کورنگی ،اورنگی ،نارتھ کراچی ،ملیر ،ائرپورٹ سمیت دیگر کلیسٹرز میں پروگرامز منعقد کیے گئے جس میں باہمت ماؤں اوران کے بچوں نے شرکت کی ۔

اس موقع پر ”ماں اور ہماری سماجی ذمہ داری ”کے موضوع پر ورکشاپس منعقد کی گئیں جن میں بچوں کو ماں کی عظمت سے متعلق اللہ کے احکام اور احدیث مبار کہ کی روشنی میں آگاہ کیا گیا ۔بچوں نے مختلف تفریحی سرگرمیوں میں حصہ لیا ۔ان سرگرمیوں سے بچے اور مائیں خوب محظوظ ہوئیں ۔باہمت بچوں اور بچیوں نے کھانا تیار کر کے اپنی ماؤں کو پیش کیا ۔

اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت ” ماں ” عالمی دن کی مناسبت سے تقریبات کا اہتمام خوش آئند ہے۔ تقریبات سے بچوں کو رہنمائی حاصل ہوگی ۔ ماں کی اہمیت اور عظمت سے متعلق آگاہی حاصل ہو گی، جس کی آج کے دور میں اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے بچوں سے کہا کہ اللہ کریم نے ماں کے قدموں تلے جنت رکھی ہے اور یہ جنت ماں کی خدمت کر کے اسے راحت فراہم کر کے حاصل کی جا سکتی ہے ۔ماں کا دل اولاد کی کے نرم ہوتا ہے ، اگر بچے کو کوئی تکلیف پہنچے تو اسے شدید صدمہ پہنچتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ماں کی ناراضگی جہنم کا باعث بن سکتی ہے ،لہٰذا ماں کے ادب اور احترام کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اس کی خدمت کو اپنا شعار بنا یا جائے ۔