جماعت اسلامی کے تحت خصوصی افراد کا فلسطینیوں کے حق میں  کراچی میں مظاہرہ ،


کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی کراچی کے تحت اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے اتوار 2جون کو شاہراہ فیصل پر ہونے والے عظیم الشان اور تاریخی ”غزہ ملین مارچ”کے سلسلے میں ملینیم مال پر معذور اوراسپیشل افراد کا احتجاجی مظاہرہ ہوا، مظاہرے کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھائے ہوئے ہیں جن پر تحریر تھاکہ Stop genocide in gaza، Free Palestine، لبیک یا اقصی ودیگر بھی شامل تھے۔ شرکاء نے اہل غزہ و فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے فلسطینی جھنڈے بھی اٹھائے ہوئے تھے۔ مظاہرے میں گویائی و سماعت سے محروم بچے،بوڑھے ،جوان مردو خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اہل غزہ و فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیا۔بصارت سے محروم نور العین اور صابر نے اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے ترانہ پیش کیا۔ گویائی و سماعت سے محروم افراد کے لیے اقرا ء اور ارم نے مترجم کے فرائض انجام دیے ۔

مظاہرے سے جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر سیف الدین ایڈوکیٹ ،قائم مقام امیر ضلع شرقی وگلشن اقبال ٹاون کے چیئرمین ڈاکٹر فواد، نائب امیر ضلع نعیم اختر، گلشن اقبال ٹاؤن کے کونسلر ڈاکٹر اقبال ،ڈس ایبل ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر ریحان ، نائب صدر حسین علی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔جب کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر قاضی صدر الدین ، جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔سیف الدین ایڈوکیٹ نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خصوصی افراد نے آج مظاہرہ کرکے ثابت کردیا کہ معذوری کچھ کر گزرنے کے لیے رکاوٹ نہیں بنتی۔ انہوںنے حکمرانوں کو پیغام دیا ہے کہ اگر صحیح سلامت ہونے کے وہ باوجود کچھ نہیں کرسکتے تو ہم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں۔فلسطینیوں نے قربانیوں کی تاریخ رقم کردی ہے اور مسلسل اب بھی جدوجہد کررہے ہیں۔ حماس کی تحریک جسمانی طاقت سے معذور شیخ یاسین نے شروع کی تھی ۔حماس نے آج اسرائیل کو شکست سے دوچار کردیا ،مسلم ممالک کے حکمران  معذور ومحتاج اور امریکہ کے غلام ہیں۔تمام تر قوت اور اقتدار کے باوجود گونگے بہرے بنے ہوئے ہیں ۔ مسلمانوں کے اجتماعی مسائل کے ذمہ دار یہی حکمران ہیں جو اقتدار پر قابض ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ ہمیں سمجھ لینا چاہیے کہ جعلی فارم 47 پر مسلط حکمران عوام کے لیے کچھ نہیں کرسکتے۔ کراچی کے تمام مسائل کے ذمہ دار بھی یہی حکمران ہیں جو عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالتے ہیں۔ہمارے مسائل کا حل ظالم حکمرانوں سے نجات پر منحصر ہے۔ اسلام آباد میں فلسطین کے حق میں نکالی جانے والی ریلی کے مظاہرین پر گاڑی چڑھا کر شہید کردیا، مغرب کے غلام ساتھ تو نہیں دیتے لیکن اپنے ہی لوگوں کو فتح کرتے رہتے ہیں ، 2 جون کو شاہراہ فیصل پر عظیم الشان و تاریخی غزہ ملیں مارچ ہوگا۔جس سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن خطاب کریں گے۔

ڈاکٹر فواد نے کہاکہ آج کے مظاہرے میں معذور افراد خراج تحسین کے مستحق ہیں جو فلسطینی مسلمانوں سے یکجہتی کے لیے موجود ہیں۔ معذور افراد نے اپنے ایمان کا ثبوت دیا ہے اور پیغام دیا ہے کہ فلسطینی تنہا نہیں ہے۔ آج شہر میں عام افراد سمیت معذور افراد بھی مسائل کا شکار ہیں۔ ہم اعلان کرتے ہیں کہ گلشن اقبال ٹاون کے تمام پارکس میں معذور افراد سے انٹری فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ گلشن اقبال ٹاون کے تحت تعلیمی اداروں میں میں معذور افراد کے لیے الگ سے نظام قائم کیا جائے گا۔نعیم اختر نے کہاکہ آج پہلی مرتبہ  گویائی و سماعت سے محروم مردوخواتین اہل غزہ و فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کررہے ہیں۔ قوت گویائی و سماعت سے محروم مردوخواتین کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے بڑی تعداد میں مظاہرے میں شرکت کی۔ڈاکٹر اقبال نے کہاکہ معذور 57 اسلامی ممالک کے حکمران ہیں۔معذور وہ نہیں جو ہاتھ پاؤں سے محروم ہوں۔گویائی و سماعت سے محروم افراد اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کررہے ہیں۔حسین علی نے کہاکہ غزہ و فلسطین میں قیامت برپا ہے۔ آج ہم معذور افراد کا مظاہرہ حکمرانوں کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔