محمدحسین محنتی سے این ایل ایف سندھ کے صدرشکیل احمد شیخ کی قیادت میں وفد کی ملاقات


کراچی(صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے زوردیتے ہوئے کہا ہے کہ محنت کشوں کا استحصال بند ،آئندہ بجٹ میں مزدوروں کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات اورمحنت کشوں کی اجرت میں اضافہ کویقینی بنایا جائے۔

یوم مزدور پرعام تعطیل یاایئرکنڈیشن کمروں میں سیمینارکرنے سے نہیں محنت کش طبقہ کے مسائل حل اوراپنے حقوق دینے سے ہی حق ادا ہوگا۔پاکستان کے عوام کے سماجی و معاشی مسائل کا تقاضہ ہے کہ جاگیرداری، سرداری اور سرمایہ داری کے تسلط کو توڑا جائے۔ملک کے مزدوروں اور محنت کشوں کے دن بھی تب ہی بدلیں گے، جب ملک میں موجود بد ترین طبقاتی کشمکش ختم ہوگی، جب ملک کے ہر کونے میں اہلِ وطن کو زندگی کی بنیادی سہولیات میسر ہوں گی۔اسلام کے عادلانہ نظام کے نفاذ سے ہی محنت کشوں سمیت ہرنسان کو اپنے حقوق مل سکتے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں این ایل ایف سندھ کے صدرشکیل احمدشیخ کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔مزدوررہنما نے صوبائی امیرکو محنت کشوں کو درپیش مسائل اورنیشنل لیبرفیڈریشن کی رفتاکار سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ وطن عزیز میں مزدوروں کی بڑی تعداد استحصال،جبری مشقت اور خطرناک حالات میں کام کرنے پر مجبور ہے۔مزدور کی کم ازکم مقرراجرت 32ہزارروپے پرعملدرآمد نہیں ہوتا۔95 فیصد ملازمین کو اپائنٹمنٹ لیٹر تک نہیں دیا جاتا اور جب ان کو نکالا جاتا ہے اور وہ کسی بھی لیبر ڈیپارٹمنٹ یا لیبر کورٹ میں جا کر یہ دعویٰ دائر کرنا چاہیں کہ ان کو غیر قانونی طور پر برخاست کیا گیا ہے تو وہ یہ بات ثابت ہی نہیں کر سکتے۔بڑھتی ہوئی بیروزگاری، غربت اور معاشی بدحالی کے باعث مزدوروں کی محنت کا استحصال پاکستان میں ہو رہا ہے جوبھی حکومت آتی ہے اس کی ترجیحات میں مزدوروں کے حقوق شامل نہیں ہوتے ہیں۔ہمارا مطالبہ ہے کہ لیبرڈپارٹمنٹ کو ٹھیکہ دار سسٹم سے آزاداور محنت کشوں کے لیے آئندہ بجٹ میں کم ازکم اجرت 60ہزارروپے کی جائے۔صوبائی امیرکاکہنا تھا کہ مزدور کسی بھی ملک کی پیداواری صلاحیت کا اہم جزو تصور کیا جاتا ہے۔ صنعتی انقلاب مزدوروں کے مرہون منت ہوتا ہے۔پاکستان میں مزدور طبقہ دن بدن پس رہا ہے اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ مہنگائی اور لاقانونیت کی وجہ سے مزدور طبقہ دن بدن مشکلات کا شکار ہو رہا ہے۔این ایل ایف محنت کشوں کی توانا آواز ہے۔انہوں نے ذمے داران پرزوردیا کہ وہ مزدوروں کے مسائل کے حل اوران کے حقوق کے لیے ہرفورم پربھرپور آواز اٹھائیں۔

علاوہ ازیں ملی یکجہتی کونسل سندھ کے تحت صدراسلامی جمہوریہ ایران ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کے سانحہ ارتحال پر تعزیتی ریفرنس منگل 28مئی کو سہ پہر3بجے صوبائی صدروسابق ایم این اسداللہ بھٹو کی زیرصدارت منعقد ہوگا۔صوبائی جنرل سیکرٹری علامہ قاضی احمد نورانی کے مطابق تعزیتی ریفرنس میں ملی یکجہتی کونسل میں شامل دینی جماعتوں کے رہنما و علمائے کرام ودینی اسکالراظہار خیال کریں گے۔#