میرپورماتھیلو(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے میرپورماتھیلو پہنچ کر شہید صحافی نصراللہ گڈانی کے لواحقین سے تعزیت ،مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ شہید صحافی کے اصل قاتلوں اور ان کے سہولتکارماسٹر مائنڈ کو گرفتار کرکے عبرت ناک سزا دی جائے۔
جماعت اسلامی کے رہنماوں نے گذشتہ روزمرحوم صحافی کے نمازجنازہ میں بھی شرکت کی تھی۔اس موقع پر ضلعی امیر مولانا یوسف مزاری، عبدالرشید لاشاری،جنرل سیکرٹری جہانگیرخان اور مقامی رہنما احمد گڈانی بھی موجود تھے۔ حافظ نصراللہ عزیز نے صحافیوںسے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہید کے نماز جنازہ کے اتنے بڑے اجتماع نے نصراللہ گڈانی کی مظلومانہ شہادت اور ان کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے یزیدی ٹولے کے حواری قاتلوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ سندھ کے ہر گھر اور برادری میں لاکھوں نصراللہ گڈانی جیسے بہادر انسان موجود ہیں۔ سندھ میں ڈاکو راج اور اندھیری رات پیپلزپارٹی کی حکمرانی کے باعث ملسط ہے، جماعت اسلامی کا یہ وفد قاتلوں اور ان کے سہولتکار پ پ کے نااہل، ناکام حکمرانوں جنہوں نے ضلع گھوٹکی اور کندھ کوٹ کشمور کو ڈاکووں،قاتلوں،قبائلی جھگڑوں اور ظالم وڈیروں کے حوالے کردیا ہے ،جو بھی ان کیخلاف آواز اٹھانے کی کوشش کرتا ہے اسے نصراللہ گڈانی کی طرح شہید کرکے خاموش کردیا جاتا ہے لیکن ظالم حکمران،سردار اور وڈیرے یاد رکھیں ایک دن ایسا بھی آئے گا جب ظالم اپنے انجام کو پہنچیں گے اور سندھ کے عوام سکون کا سانس لیں گے۔جماعت اسلامی رہنماء نے مزید کہا کہ ہم آج یہاں نصراللہ گڈانی کو خراج تحسین اور سلام پیش کرنے کیلئے جمع ہوئے ہیں جس نے سندھ کے مزاحمتی کرداروں میں اپنا نام سنہری الفاظ میں لکھوادیا ہے۔ ان شااللہ شہید کا خون ضرور رنگ لائے گا اور گھوٹکی سمیت کندھ کوٹ کشمور سمیت پورے صوبے میں امن امان کی فضا قائم ہوگی۔شہید نصراللہ گڈانی جیسے کردار مظلوموں کی آواز، بہادری اور جرت کی وجہ سے تاریخ میں امر اور ظالموں کا کوئی نام لیوا بھی نہیں ہوتا۔