فلسطینیوں سے یکجہتی و”غزہ ملین مارچ” شہر بھر میں 100سے زائد مقامات پر مظاہرے

کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی کراچی کے تحت اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے اتوار 2جون کو شاہراہ فیصل پر ہونے والے عظیم الشان اور تاریخی ”غزہ ملین مارچ”کے سلسلے میں شہر بھر میں 100سے زائد اہم پبلک مقامات ومساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور امریکہ واسرائیل کی مذمت کی گئی۔ مظاہروں کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ ز اٹھائے ہوئے تھے جن پر تحریر تھا کہ لبیک یا اقصیٰ ، غزہ میں آزادی کی جدوجہد ظالم اور مظلوم کی جنگ ہے،غزہ قتل عام بند کرو ، فلسطینیوں کی نسل کشی بند کرو۔شرکاء نے پرجوش نعرے بھی لگائے جن میں نعرہ تکبیر اللہ اکبر ، المدد المدد یا خدا یا خدا،پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الا اللہ ، فلسطین سے رشتہ کیا لاالہ الا اللہ ، زندگی کی قیمت کا لاالہ الا اللہ ، تیرا میرا رشتہ کیا لاالہ الا اللہ ، مردہ باد مردہ باداسرائیل مردہ باد، اسرائیل کا ایک علاج الجہاد الجہاد،انقلاب انقلاب اسلامی انقلاب شامل تھے ۔مظاہروں سے امراء اضلاع توفیق الدین صدیقی ،عبدالجمیل،محمد اسلام ،محمد یوسف، فاروق نعمت اللہ ، سید وجیہ حسن، عرفان احمد، سید عبد الرشید، مولانا فضل احد، مولانا مدثر حسین انصاری ، عبد الرزاق خان، ضلع شرقی کے سکریٹری ڈاکٹر فواد، رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق سمیت دیگر ذمہ داران نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسرائیل کی طاقت، گھمنڈ اورغرور کو حماس کے مجاہدین نے 7 اکتوبر کو ہی پاش پاش کردیا تھا۔اسرائیل کی فلسطین کے عوام پر بمباری و جارحیت کو مسلم حکمرانوں نے تقویت فراہم کی ہے،فلسطین میں ہمارے بچوںکو شہید کیا جارہا ہے۔

ہمارے حکمرانوں میں غیرت و حمیت ختم ہوچکی ہے، یہ امریکہ اور اسرائیل کے غلام بنے ہوئے ہیں۔ہماری حکومت اور حکمران پارٹیاں بھی اسرائیل و امریکہ کی مذمت نہیں کرتیں اور فلسطین کا نام تک نہیں لیتیں۔عوام کو ایسے حکمران چاہیئے کہ جو امریکی غلامی اور صیہونی غلامی سے آزاد ہوں۔امریکہ کھل کر اسرائیل کی مدد کے لیے میدان میں آگیا ہے۔مقررین نے مزیدکہاکہ 73 فیصد امریکی عوام جنگ بندی کا مطالبہ کررہے ہیں،وائٹ ہاؤس کا گھیراؤ کیا جارہا ہے۔کولمبیا یونیورسٹی سے اٹھنے والی تحریک برطانیہ اور فرانس تک پھیل چکی ہے لیکن پاکستان میں امریکی غلام امریکی سفارتخانے تک جانے کے لیے بھی راستے بند کردیتے ہیں۔پاکستان کے حکمران اپنی ہی قوم کو فتح کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔کارکنان گلی گلی جائیں اور یہ پیغام عام کردیں کہ ہمیں باضمیر حکمران چاہیئے اگر حکومت اور ریاست کچھ نہیں کرسکتی تو تب بھی ہم فلسطین کی حمایت کریں گے اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی جاری رکھیں گے۔مزاحمت اور جدوجہد بہت طویل ہے، اسے مزید تیز کرنا ہوگا۔یہ مظاہرے بنارس، میٹروویل،گلشن غازی، اتحاد ٹاؤن، مشرف کالونی، اسلامیہ کالونی،فرنٹیئر موڑ، باوانی چالی،ماڈل کالونی، جناح اسکوائر، کوثر ٹاؤن،چمن کالونی، شاہ فیصل کالونی، گرین ٹاؤن، رفاع عام،لیاری، کلفٹن، دہلی کالونی، پنجاب کالونی،صدر،محمود آباد،اختر کالونی،کالاپل، کینٹ، فاطمہ جناح کالونی، سبزی منڈی، مارٹن کوارٹر،جہانگیر روڈ،پی آئی بی،لائنز ایریا،نعمان مسجد لسبیلہ ودیگر علاقوں میں کیے گئے۔ دریں اثناء غزہ ملین مارچ کے سلسلے میں اتوار26مئی کو ملینیم شاپنگ مال کے سامنے اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کے لیے معذور و اسپیشل افراد کا احتجاجی مظاہرہ ہوگا ، مظاہرے سے جماعت اسلامی کراچی کے عبوری امیر منعم ظفر خان و دیگر رہنما خطاب کریں گے ۔#