جماعت اسلامی وفد کی ایرانی قونصلیٹ میں قونصل جنرل حسن نوریان سے ملاقات

کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی کے اعلیٰ سطح وفد نے ایرانی قونصلیٹ پہنچ کر قونصل جنرل حسن نوریان سے ملاقات کی، وفد نے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان کی ہیلی کاپٹرحادثے میں ناگہانی موت پراظہارافسوس کیا اورکہاکہ ڈاکٹر ابراہیم رئیسی ایک انقلابی لیڈرتھے ان کی وفات سے پوری امت مسلمہ کو صدمہ ہوا ہے جماعت اسلامی سمیت پوری پاکستانی قوم دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ برابر کی شریک ہے وفد میں مرکزی رہنما اسداللہ بھٹو ، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ، صوبائی امیر محمد حسین محنتی اور سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا شامل تھے انہوں نے مرحومین کی مغفرت اوردرجات بلندی کے لیے بھی دعا کی ۔

امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این محمد حسین محنتی نے کہاکہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کا ساتھیوں سمیت ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادت کے سانحہ پرپوری امت غمگین ہے عالم اسلام ایک نڈر اور جرائت مند رہنما سے محروم ہو گیا ہے۔ صدر رئیسی ایک دبنگ انسان تھے جو امریکہ کی تمام دہمکیوں اور پابندیوں کے باوجود اپنے موقف پر ڈٹے رہے اور اپنے ملک و قوم کی فلاح وبہبود و ترقی کے لیے اقدامات کرتے رہے۔ صدر رئیسی کی کوششوں سے مسئلہ فلسطین غزہ حماس کے مجاہدین اور اہل فلسطین کو بڑا حوصلہ ملا۔

پاکستان کے ساتھ خوشگوار و مضبوط تعلقات استوار رکھنے میں بھی بڑا اہم کردار ادا کیا۔سعودی عرب کے ساتھ کشیدہ صورتحال کو معمول پر لانے میں بھی ان کے حکیمانہ کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ صدر رئیسی کی شہادت نہ صرف ایرانی قوم بلکہ پوری امت کا ناقابل تلافی نقصان ہے۔۔ صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے نوٹ بک پر اپنے تعزیتی تاثرات بھی تحریر کئے۔#