تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے 9مئی کے واقعات کے حوالے سے معافی کا مطالبہ مستردکردیا

اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔  اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کورکمیٹی 9 مئی کے فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں پارٹی  کیخلاف ریاستی وسائل سے برپا بے بنیاد پراپیگنڈہ مسترد کرتی ہے ۔متعلقہ حالیہ پریس کانفرنس غیرآئینی، غیرقانونی، اختیارات سے تجاوز ہے جسے مستردکرتے ہیں ۔کور کمیٹی میں معافی کا مطالبہ متفقہ طور پر مستردکردیا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف خصوصاً بانی چیئرمین عمران خان نے تسلسل سے 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ، نہتے شہریوں کے بہیمانہ قتل سمیت پرتشدد واقعات کے ذمہ داروں کے تعین کیلئے اعلی سطح کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

ملک گیر پرامن احتجاج کو  کچلنے کی انتظامی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ آزادانہ، غیر جانبدارانہ اور اعلی سطحی عدالتی تحقیقات کے اصولی مطالبے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ  سیاسی جماعت کو کچلنے کی کوششیں ترک کرکے سیاست اور اہلِ سیاست کیخلاف جاری انتقامی سلسلہ فوری طور پر روکا جائے ۔ 8 فروری کے عام انتخابات کے بعد عوامی مینڈیٹ پر ڈالے گئے ڈاکے اور نگران وزیراعظم نورالحق کاکڑ کے بیان کی اعلی سطح کی عدالتی تحقیقات کے مطالبے کا بھی اعادہ کیا گیا ۔

کورکمیٹی کی جانب سے پنجاب میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے انتخابی ٹریبیونلز کیلئے ججز کی نامزدگیوں کے عمل میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی مداخلت پر تحفظاتا کا اظہار کیا گیا ہے۔کورکمیٹی اراکین کی جانب سے گوادر میں بیگناہ پاکستانیوں کے بہیمانہ قتل پر نہایت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے ہمدردی و یکجہتی کے اظہار کے ساتھ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے اور سیکیورٹی اداروں کو سیاست میں مداخلت کی روایت ختم کرکے شہریوں کی سلامتی کے فرض کی ادائیگی پر توجہ مرکوز کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے