اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیرخزانہ ر محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اورماحول دوست سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت پائیدار ترقیاتی منصوبوں کی مالی اعانت کے لیے دسمبر 2024 تک ملکی سطح پر گرین سکوک بانڈز جاری کرنے پر کام کر رہی ہے۔انہوں نے یہ بات جمعہ کویہاں پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن کے زیر اہتمام یوکے پاکستان گرین انویسٹمنٹ فورم سے اپنے کلیدی خطاب میں کیا۔
وزیر خزانہ نے کہاکہ عالمی سطح پرماحول کو نقصان پہنچانے والی گیسوں میں پاکستان کی شرح بہت کم ہے تاہم پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے ۔انہوں نے عالمی بینک کے ایک حالیہ مطالعہ کا حوالہ بھی دیا جس میں موسمیاتی خطرات کی وجہ سے پاکستان میں مجموعی قومی پیداوارکے تناسب سے سالانہ ایک فیصدنقصان کا اندازہ لگایاگیاہے۔وزیرخزانہ نے موسمیاتی موزونیت، لچک اور تخفیف کے منصوبوں میں فنڈنگ کے اہم فرق کا بھی حوالہ دیا اور اس تقسیم کو ختم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں سے زرعی پیداوار متاثر ہورہی ہے اوران تبدیلیوں سے سیلاب، طوفان اور ہیٹ ویو جیسے خطرات پیدا ہورہے ہیں۔انہوں نے فورم کے انعقاد پر برطانوی ہائی کمیشن کا شکریہ ادا کیا اورماحول دوست سرمایہ کاری کے منصوبوں کے بہتر پورٹ فولیو کی ضرورت کو تسلیم کیا۔ انہوں نے معاونتکے لیے نجی شعبے پر پاکستان کے انحصار پر زور دیا اور ماحول دوست سرمایہ کاری کیلئے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھانے کے لیے حکومت کی کوششوں کو اجاگر کیا۔ وزیرخزانہ نے بین الاقوامی موسمیاتی فنانس کو بڑھانے کے لیے جدید فنانسنگ آلات کو استعمال کرنے کے پاکستان کے منصوبوں کا خاکہ بھی پیش کیا اور کہاکہ حکومت پائیدار ترقیاتی منصوبوں کی مالی اعانت کے لیے دسمبر 2024 تک ملکی سطح پر گرین سکوک بانڈز جاری کرنے پر کام کر رہی ہے۔محمد اورنگزیب نے گزشتہ 10 ماہ کے دوران کلی معیشت کے اشاریوں میں نمایاں بہتری کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ حکومتی اقدامات سے معاشی استحکام آرہاہے، افراط زر میں کمی آرہی ہے ،
زرعی شعبے کے پیداوارمیں اضافہ ہورہاہے ، غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہورہاہے،اسٹاک مارکیٹ میں کاروبارمیں تیزی ہے اور کرنٹ اکاونٹ خسارے میں بڑی کمی ہورہی ہے ۔وزیرخزانہ نے آئی ایم ایف کے 9 ماہ کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ(ایس بی اے) کی کامیاب تکمیل کا حوالہ بھی دیا اورکہاکہ پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ درمیانی مدت کے توسیعی فنڈ پرکام کررہاہے ،اس سے پاکستان کے پائیدار اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے کے عزم کی عکاسی ہورہی ہے۔وزیر خزانہ نے سرمایہ کاروں کو ملک میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اورکہاکہ ملک میں کاروباراورسرمایہ کاری کیلئے بہترین اورسازگارماحول فراہم کیا جارہاہے ۔ انہوں نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے کاروباری ماحول کو مزید سازگار بنانے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔۔