اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون ٹو میں واقع گھر میں کھڑی گاڑی سے 11 کلوگرام سے زائد ہیروئن برآمد ہوئی۔
اے این ایف حکام کے مطابق خفیہ اداروں کی اطلاع پر اینٹی نارکوٹکس فورس نے اسلام آباد کے علاقے ای الیون ٹو میں واقع گھر میں کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی۔
اے این ایف حکام کے مطابق پکڑی جانے والی ہیروئن گاڑی کے اندر پڑی جیکٹس میں چھپائی گئی تھی، جس کا وزن 11 اعشاریہ 94 کلوگرام ہے اور عالمی منڈی میں اسی کی قیمت کروڑوں روپے بنتی ہے۔
کارروائی میں دو ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، جن کی شناخت غلام رسول اور امان اللہ کے نام سے ہوئی ہے، غلام رسول افغان باشندہ ہے جب کہ دوسرا پشاور کا رہائشی ہے۔ دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ۔