سلیکٹڈ مذاکرات کبھی کامیاب نہیں ہونگے،خواجہ آصف


سیالکوٹ (صباح نیوز)مرکزی رہنما پاکستان مسلم لیگ ن اور وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ9مئی کوحملہ کرنے والے اب کہتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کریں گے،غلامی نامنظور کے نعرے لگانے والوں نے مذاکرات کیلئے تین رکنی کمیٹی بنادی،انہیں اب پتہ چلا کہ سیاسی معاملات بات چیت سے حل ہوتے ہیں ،پی ٹی آئی نے عدم اعتماد کاغصہ فوجی تنصیبات پرحملے کرکے نکالا۔

سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنما پاکستان مسلم لیگ ن اور وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ 3جماعتوں سے بات چیت نہیں ہوسکتی، ہمارے تو 18ماہ سے مذاکرات کیلئے دروازے کھلے ہیں،سلیکٹڈ مذاکرات کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے مسائل حل کرنے کیلئے نیشنل ڈائیلاگ کی ضرورت ہے،غلامی نامنظور کے نعرے لگانے والوں نے مذاکرات کیلئے تین رکنی کمیٹی بنادی،انہیں اب پتہ چلا کہ سیاسی معاملات بات چیت سے حل ہوتے ہیں، 9مئی کوریڈلائن کراس کی گئی، پی ٹی آئی نے عدم اعتماد کاغصہ فوجی تنصیبات پرحملے کرکے نکالا،پی ٹی آئی نے ہمیشہ منفی سیاست کی، 9 مئی کو ایک سال پورا ہونے جارہا ہے، اس دن سرکاری املاک پرحملے کئے  گئے، تقریباً تمام جماعتوں کو اسٹیبلشمنٹ سے اختلاف رہے، پہلی بار غم وغصے کا اظہار حملے کرکے کیا گیا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ابھی تو ابتدا ہے ابھی بہت کچھ سامنے آئے گا،بانی پی ٹی آئی وقت کے لحاظ سے چورن بیچتے ہیں،بانی پی ٹی آئی کے بیانات کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی،سب کا احتساب ہوگا اور آئین و قانون کے تحت ہوگا۔وزیر دفاع نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پارٹی کی باگ ڈور وکلا کے ہاتھ میں دے دی ہے، ملک کی اساس پر حملہ کرنے والے اب اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنے کا کہہ رہے ہیں، سیاست میں مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے رکھنے چاہیے،اسمبلی میں بھی 9مئی کے حوالے سے  اجلاس بلایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ڈائیلاگ ہونا ہے تو نیشنل ڈائیلاگ ہوں،9مئی کے  حملوں کی ویڈیوز بھی بنائی گئیں،فوجی تنصیبات پر حملہ کرکے دنیا کے سامنے ملک کا تشخص پامال کیاگیا، پی ٹی آئی لیڈر شپ بھی ان حملوں میں ملوث تھی۔