اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان کے آئینی بینچ میں شامل ججز صرف چارروز آئینی کیسز سننے کے بعد پانچویں دن ہی روٹین کے کیسز سنیں گے۔آئینی بینچ کے سربراہ جسٹس امین الدین خان سمیت دیگر ججز بدھ اور جمعرات کو دن ساڑھے 11بجے روٹین کے کیسز کی سماعت کریں گے۔ جبکہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ خان آفریدی اور سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر ترین جج جسٹس سید منصورعلی شاہ کے رواں ہفتے کے بینچ بھی تبدیل کردیئے گئے۔
سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر ترمیم شدہ کازلسٹ جاری کردی گئی۔ آئینی بینچ کے سربراہ جسٹس امین الدین خا ن کی سربراہی میں جسٹس عائشہ اے ملک پرمشتمل2رکنی بینچ بدھ کے روز دن ساڑھے 11بجے کیسز کی سماعت کرے گا۔ جبکہ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اورجسٹس سید حسن اظہر رضوی پر مشتمل 3رکنی جمعرات دن ساڑھے 11بجے کیسز کی سماعت کرے گا۔ جبکہ جسٹس جمال خان مندوخیل کی سربراہی میں جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس نعیم اخترافغان پر مشتمل 3رکنی بینچ بدھ اور جمعرات کو دن ساڑھے 11بجے کیسز کی سماعت کرے گا۔ جبکہ جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس سید حسن اظہر رضوی پر مشتمل 2رکنی بینچ بدھ دن ساڑھے 11بجے کیسز کی سماعت کرے گا۔چیف جسٹس کابدھ اور جمعرات کابینچ تبدیل کردیا گیا۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کے ساتھ جسٹس ملک شہزاداحمد خان دوروز کیسز کی سماعت کریں گے۔ جبکہ چیف جسٹس کے بینچ کی سپلیمنٹری کیسز کی کاز لسٹ بھی جاری کی گئی ہے جس کے مطابق وہ روٹین کے 30،30کیسز سننے کے ساتھ سپلیمنٹری کازلسٹ میں شامل 40،40کیسز کی بھی سماعت کریں گے۔ بینچ دوروز 70،70کیسزکی سماعت کرے گا۔ جبکہ جمعرات کے روز جسٹس سید منصورعلی شاہ کی سربراہی میں جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس شاہد بلال حسن پرمشتمل 3رکنی بینچ کیسز کی سماعت کرے گا۔ جبکہ جمعہ کے روز جسٹس سید منصورعلی شاہ کی سربراہی میں جسٹس اطہرمن اللہ اورجسٹس ملک شہزاداحمد خان پر مشتمل بینچ کیسز کی سماعت کرے گا۔