نیشنل پریس کلب اسلام آباد اور انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد(صباح نیوز)نیشنل پریس کلب اسلام آباد اور انٹر بورڈ کوآرڈی نیشن کمیشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط، معاہدے  کے مطابق انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن نیشنل پریس کلب کے ممبران اور انکے بچوں کی میٹرک ، انٹر لیول، اور مساوی اسناد کی فوری تصدیق،کیلئے فوکل پرسن کی تعیناتی،بچوں کیلئے کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت اور اسکالرشپس میں صحافیوںکے بچوں کیلئے ترجیحی بنیادوں پر مواقع فراہم کئے جائینگے،معاہدے پر این پی کی طرف سے صدر اظہر جتوئی جبکہ آئی بی سی سی کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن محمد منیب جاوید نے دستخط کئے،تقریب کی نظامت کے فرائض سینئر صحافی اور آر آئی یو جے کے ایگزیکٹو ممبر توصیف عباسی نے سرانجام دیئے،

اس موقع پر آئی بی سی سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسرڈاکٹر غلام علی ملاح کا کہنا تھا کہ 1972ء میں قائم ہونے والے اس ادارے کا ایکٹ گذشتہ برس منظور کروایا جا چکا ہے،چار برس قبل جب میں نے ادارے کو جوائن کیا تو ادارے کا کوئی پرسان حال نہیں تھا، اب ہمیں یہ بتاتے ہوئے خوشی ہوتی ہے کہ آئی بی سی سی نے ملک بھر میں آن لائن ڈیسک قائم کردیئے ہیں،ادارے کا ون ونڈوآپریشن دن کے اوقات کے علاوہ شام کے اوقات میں خصوصی سروسز فراہم کی جاتی ہیں،ہمارے لئے یہ خوش آئند امر ہے کہ نیشنل پریس کلب کے ساتھ طے پانے والے معاہدیکے بعد جہاں ایک طرف صحافیوں اور انکو بچوں کو یہ سہولت ملے گی وہیں میڈیا آئی بی سی سی کی بھی پزیرائی کریگا،

قبل ازیںصدر نیشنل پریس کلب اظہر جتوئی نے معزز مہمان کی پریس کلب آمد پر شکریہ ادا کیا انہوں نے کہا کہ نیشنل پریس کلب کی ایجوکیشن کمیٹی این پی سی ممبران اور انکے بچوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے،چیئرمین ایجوکیشن کمیٹی این پی سی عاصم جیلانی نے اس موقع پر آئی بی سی سی کیساتھ طے پانے والے معاہدے کے خدوخال بیان کئے اور کہا کہ نیشنل پریس کلب اپنے ممبران کی سہولت کیلئے اگلے مرحلے میں مختلف پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر جامعات کساتھ معاہدوں کو حتمی شکل دے رہا ہے اور اس حوالے سے ممبران کو جلد خوش خبری سنائی جائے گی،آخر میں این پی سی کے نائب صدر شاہ محمد نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔