راولپنڈی (صباح نیوز)اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈائون کے دوران13.930 کلوگرام منشیات برآمد کر لی اور 5 کارروائیوں میں 2 خواتین سمیت 6 ملزمان گرفتار کر لئے ۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق تازہ کارروائیوں میں ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 13.930 کلوگرام منشیات برآمد کی گئیں
۔جی ٹی روڈ راولپنڈی پر پارک کے قریب خاتون سے 6 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔اسلام آباد میں 26 نمبر چونگی کے قریب خاتون سے 5 کلو گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ایم ون موٹر وے.اسلام آباد پر 2 ملزمان سے 1.5 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔ڈیرہ غازی خان میں سخی سرور روڈ کے قریب ملزم سے 940 گرام آئس برآمد کی گئی۔ملتان میں یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 490 گرام آئس برآمد کی گئی۔ ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ۔