کراچی (صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے بلدیاتی ترمیمی بل میں غیر جمہوری ترامیم کو واپس لیکر بلدیاتی اداروں کے حقوق کو بحال کرنے کیلئے جماعت اسلامی اور سندھ حکومت کے درمیان طے پانے والے معاہدے کو عوام کی متحدہ صبر آزما جدوجہد کی فتح قرار دیتے ہوئے اہلیان کراچی ،جماعت اسلامی حلقہ کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن سمیت ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہیں جنہوں نے سندھ کے عوام کی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے مطالبات منوانے کیلئے بھرپور جدوجہد کی، کراچی کے تاجروں، عفت ماب ماؤں بہنوں ،طلبا، علماء سمیت زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی اس عظیم کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے آج بیان میں مزید کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ اس معاہدے کے نتیجے میں نہ صرف کراچی بلکہ پورے صوبے کے بلدیاتی اداروں کو سیاسی، انتظامی اور مالی اختیارات دیئے جائیں گے، این ایف سی کے نہج پر پی ایف سی فوری طور پر تشکیل دیا جائے اور سندھ کے تمام چھوٹے بڑے اضلاع کو آبادی کے مطابق جائز وسائل فراہم کیئے جائیں۔ جماعت اسلامی کے تمام ضلعی قیادت اور مختلف اضلاع کے کارکنان،عوامی جدوجہد سے یہ بات طے ہوگئی ہے کہ کسی خاص مقصد کیلئے اللہ کی طاقت پر توکل رکھتے ہوئے جدوجہد کی جائے تو بالاآخر اللہ کی مدد ونصرت حاصل ہوتی ہے۔ سندھ میں وڈیراشاہی اور پیپلزپارٹی کی آمریت ہے جس کی وجہ سے سندھ تعلیم،صحت،صنحتی اور معاشی ترقی کی دوڑ میں بہت پیچھے رہ گیا ہے ،جماعت اسلامی باب الاسلام سندھ کی عظمت کی بحالی اور نوجوان نسل کو تعلیم،روزگار سے آراستہ کرنے کی عوامی جدوجہد کو آگے بڑھائے گی۔