امریکا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل سفیر ڈونلڈ بلوم کا پاکستانی کرکٹ ٹیم کو استقبالیہ

اسلام آباد(صباح نیوز)ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2024 کے آغاز سے قبل اور پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم سے اظہارِ یکجہتی کے لیے پاکستان میں امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے روانگی سے قبل ان کی حوصلہ افزائی کی۔

امریکی سفارت خانے کی پریس ریلیز کے مطابق امریکی سفیر کی رہائش گاہ پر منعقد ہونے والے ایک استقبالیے میں ڈونلڈ بلوم نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کو بھی خوش آمدید کہا اور امریکا میں منعقد ہونے والی ٹی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ مقابلوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

اس موقع پر اسپورٹس ڈپلومیسی کا باہمی مظاہر ہ کرتے ہوئے سفیر بلوم نے پاکستان ٹیم کے ارکان کو سفارتخانے کی یادگاری کرکٹ بال اور دستخط شدہ سافٹ بال بیٹ پیش کیا جبکہ پاکستانی ٹیم نے بھی اسی خیر سگالی کے جذبے کے تحت امریکی سفیر کو پاکستان کی سرکاری کرکٹ شرٹ اورٹیم کا دستخط شدہ بلا پیش کیا۔

اس موقع پر ڈونلڈ بلوم نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ ہلکی پھلکی کرکٹ بھی کھیلی۔واضح رہے کہ رواں سال جون میں پہلی بار ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کرتے ہوئے امریکا ایک تاریخ رقم کرنے جا رہا ہے۔

کھیل کا جوش دوبالا کرنے کے حوالے سے یہ خبر یقینا دلچسپی سے خالی نہیں کہ امریکا اور پاکستان دونوں ایک ہی گروپ میں شامل کیے گئے ہیں اوردونوں ممالک 6 جون کو ایک دوسرے کے ساتھ گروپ میچ میں مدِ مقابل ہوں گے جس کا سب کو بے چینی سے انتظار رہے گا۔