کراچی(صباح نیوز)عبوری امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ اہل غزہ و فلسطینی مسلمانو ں نے اپنی استقامت اورقربانیوںکے ذریعے پوری دنیا کو بیدار کردیا ہے ،اسرائیلی جارحیت کے خلاف کولمبیا یونیورسٹی کے طلبہ کی تحریک دیگر جامعات میں بھی پھیل رہی ہے ،پرعزم طلباء کا مطالبہ ہے کہ غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت ختم کی جائے،ہم کولمبیا یونیورسٹی کے طلبہ پر پولیس تشدد اور شیلنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں ،اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ اسرائیل کے ہاتھوں اہل غزہ کی نسل کشی بند کی جائے ،جنگ بندی یقینی بنائی جائے ۔عالم اسلام کے حکمران امریکہ کے خوف سے نکلیں اور فلسطینی مسلمانوں کے حق میں عملی اقدامات کریں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی میں اہل غزہ کی نسل کشی اور کولمبیا یونیورسٹی کے طلباء پر پولیس تشد د کے خلاف،کولمبیا یونیورسٹی کے طلباء او ر اہل غزہ سے اظہارِ یکجہتی کے سلسلے میں منعقدہ ”یکجہتی غزہ ریلی ”سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ریلی سے ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی آبش صدیقی نے بھی خطاب کیا ۔ ریلی میں یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور کولمبیا یونیورسٹی کے طلباء کے ساتھ کی جانے والی زیادتیوں کے خلا ف شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور اسرائیل کی جانب سے فلسطین میں جاری دہشت گردی کے خلاف بھی شدید نعرے لگائے ۔
شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر تحریر تھا Stop Genocide in Ghaza، we stand with palestine، القدس لنا، بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول ہے، شرکاء نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مخصوص فلسطینی رومال اور پرچم اٹھائے ہوئے تھے ۔منعم ظفر خان نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ برطانیہ نے ہمیشہ سے سازشی ذہن استعمال کیا ہے اور برطانیہ ہی نے صیہونی ریاست کے قیام کے لیے 1917میں بالفور ڈکلیریشن پر دستخط کیے ،1948میں اسرائیل کا قیام عمل میں لایا گیا اور پھر پوری دنیا سے یہودیوں کو جمع کر کے فلسطین میں بسایاگیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم اسرائیل کی جانب سے بد ترین جارحیت و دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہیں ،اہل غزہ و فلسطین کے مسلمان گزشتہ 76برس سے اپنے حق کے لیے جدوجہد کررہے ہیں ،آج فلسطین کی جدوجہد میں پوری دنیا کے باشعور انسان شامل ہوگئے ہیں اورکولمبیا یونیورسٹی کے طلبہ بھی اس جدوجہد کا حصہ بن گئے ہیں ،
یورپی ممالک میں فرانس اور جرمنی کے طلباء بھی اسرائیلی جارحیت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں،فلسطین کے حق میں احتجاج کرنے والے کولمبیا یونیورسٹی کے طلباء کو شوکاز نوٹس دیے گئے اور انہیں دھمکایا کہ احتجاج ختم نہ کیا تو داخلہ منسوخ کردیا جائے گا،کولمبیا یونیورسٹی کے پر عزم طلباء نے احتجاج ختم کرنے کے بجائے یونیورسٹی میں ہی کیمپ قائم کردیے ۔انتظامیہ کی جانب سے ان کے داخلے منسوخ کردیے گئے ،ان پرربڑ کی گولیاں چلائی گئیںاور آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی،اسٹوڈنٹس موومنٹ پورے امریکہ میں پھیل گئی ہے ،بڑی تعداد میں روزانہ طلباء اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج کے لیے نکل رہے ہیںجن کی پیچھے ان کے اساتذہ موجود ہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ہم کلمہ گو مسلمان ہیں ، قبلہ اول مسجد اقصیٰ مسلمانوں کی ہے ، بیت المقدس سے ہمارا ایمانی اور دینی تعلق ہے اسے یہودیوں کے زیر تسلط نہیں چھوڑاجاسکتا ۔آبش صدیقی نے کہاکہ طلبہ مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں،ہم غزہ کے مظلوم مسلمانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،اسلامی جمعیت طلبہ مسجد اقصیٰ کی حرمت پر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی،ہم کولمبیا یونیورسٹی کے طلبہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہیںاورغزہ کے مظلوم و نہتے مسلمانوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔