بجلی و گیس لوڈشیڈنگ اور نرخوں میں اضافہ ظلم ہے بھرپور احتجاج کیا جائے گا. پبلک ایڈ کمیٹی

کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی کراچی پبلک ایڈ کمیٹی کی کور کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ادارہ نورحق میں سربراہ پبلک ایڈ کمیٹی سیف الدین ایڈوکیٹ کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں کے الیکٹرک ، سوئی سدرن گیس کمپنی کی بدترین لوڈ شیڈنگ اور نرخوں میں ظالمانہ اضافے ،زمینوں پر قبضے ،سرکاری ملازمتوں کی بندر بانٹ ، شہر میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز ،چوری ڈکیتی،قتل و غارت گری ، امن و امان کی ابتر صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور طے کیا گیا کہ عوام کے ان مسائل کے خلاف وفاقی وصوبائی حکومتوں کے خلاف شہر بھر میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا ۔

اجلاس میں پبلک ایڈ کمیٹی کے جنرل سکریٹری نجیب ایوبی ،نائب صدر عمران شاہد، شاہد فرمان، جوائنٹ سکریٹری زبیر ابوالحسن ،شعبہ تعلیم کے انچارج ابن الحسن ہاشمی ، ہاؤسنگ سوسائٹی سیل کے ممبر سید قطب احمد، سکریٹری اطلاعات فائق علی خان و دیگر ذمہ داران نے شرکت کی ۔ سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہا کہ کراچی کی ملازمتوں پر جابرانہ قبضہ سندھ حکومت کا متعصبانہ رویہ ہے ،سرکاری ملازمتوں میں مقامی افراد کو نمائندگی دی جائے ۔