حکومت ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔ عطا اللہ تارڑ

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔ ریڈیو پاکستان کے مطابق  پارلیمنٹ میں نکہت شکیل خان اور دیگر ارکان کی جانب سے ایک توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قومی لائحہ عمل کا جائزہ لیاجا رہا ہے جبکہ دہشت گردی سے مقابلے کے لئے صوبائی حکومتوں کو بھی زیادہ سے زیادہ مدد فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرزمین پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے حکومت خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیوں پر بھی توجہ مرکوز کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت انسداد دہشت گردی کے صوبائی ادارے کی استعداد کار میں اضافے کے لئے بھی خیبرپختونخوا حکومت کو مکمل تعاون فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے ایوان کو یہ بھی بتایا کہ وزیراعلی سندھ نے وزیراعظم شہبازشریف کو جرائم اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کراچی میں سیف سٹی نیٹ ورک نصب کرنے کا بھی یقین دلایا ہے۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ آئین کے تحت امن وامان کا قیام صوبوں کی ذمہ داری ہے اور پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سب کو مل کر کوشش کرنی چاہئے۔