سینیٹر محمد اسحاق ڈار اورشہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کا غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ

بنجول(صباح نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ نے مشرق وسطی میں حالیہ پیش رفت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے اور پاکستان میں اقتصادی تعاون اور سعودی سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ہفتہ کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے گیمبیا کے شہر بنجول میں 15ویں او آئی سی اسلامی سربراہی کانفرنس کے موقع پر ملاقات کی۔پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ سٹریٹجک اور اقتصادی تعلقات کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اور سعودی وزیر خارجہ نے پاکستان میں اقتصادی تعاون اور سعودی سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے سعودی عرب کے وژن 2030 کی تعریف کی، جس کا مقصد 21ویں صدی میں مملکت کی سماجی و اقتصادی تبدیلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں سعودی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان، جو ایک اعلی اختیاراتی وفد کی قیادت کر رہے تھے،پاکستان اور مملکت کے درمیان اقتصادی تعاون میں ایک نئی رفتار کی نمائندگی کرتا ہے۔ نائب وزیراعظم اور سعودی وزیر خارجہ نے مشرق وسطی میں حالیہ پیش رفت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے فلسطین اور کشمیر کے حالات سمیت امت مسلمہ کے مسائل پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے اہم کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا۔