بلوچستان میں تعلیم صحت، زراعت اور دیگر شعبوں میں انقلابی اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے. سیدال خان

اسلام آباد(صباح نیوز)ڈپٹی چیئرمین سیدال خان نے کہا ہے کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لئے انتظامی مشینری کو جدید وسائل سے آراستہ کرنا اور بہتر  افرادی قوت کے ذریعے اِدارہ جاتی کارکردگی میں اضافہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے اِن خِیالات کا اظہار ایوان بالا کے دورے پر آئے بلوچستان سول سروسز اکیڈمی کے مڈکیریئر مینجمنٹ کے افسران اور فیکلٹی ممبران  سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت بلوچستان کو بے پناہ مسائلِ کا سامنا ہے۔ بلوچستان میں تعلیم صحت، زراعت اور دیگر شعبوں میں انقلابی اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے تاکہ معیار زندگی کو بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ بلوچستان کی ترقی کے لئے سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو فنڈز کی قلت کا سامنا ہے اور  اس مسئلے کے حال کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا تاکہ صوبے کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  بلوچستان کو درپیش مسئلے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہو گا۔اس موقع پر سیکرٹری سینیٹ میجر (ر) حسنین حیدر اور ایڈیشنل سیکرٹری حفیظ اللہ شیخ بھی موجود تھے۔          قبل ازیں بلوچستان سول سروسز اکیڈمی کے تیسرے مڈکیریئر مینجمنٹ کے آفیسرزنے فیکلٹی ممبران کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاوس کا دورہ کیا۔ایوان بالا کے شعبہ قانون سازی کے جوائنٹ سیکرٹری رفیع اللہ نے وفد کو خوش آمدید کہا اور ان کو سینیٹ آف پاکستان کے کام کے طریقہ کار، قانون سازی اور فنکشنز کی اہمیت کے حوالے سے بریفنگ دی۔وفد کو سینیٹ میوزیم کا دورہ کرایا گیا جہاں پر انہیں ایوان بالا کی تاریخ پر مبنی ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔ وفد نے سینیٹ ہال کا بھی دورہ کیا۔ وفد نے سینیٹ میوزیم میں ملک کے ممتاز سیاستدانوں کے مجسموں اور تاریخی تصاویر میں دلچسپی کا اظہار کیا۔