کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی کراچی کے عبوری امیر منعم ظفر خان کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ٹاؤن ویوسی کی سطح پر انتظامی و مالی مشکلات ورکاوٹوں اور فنڈز کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی اور زوردیا کہ سندھ حکومت ٹاؤن ویوسی چیئرمینوں کو درپیش مشکلات دور کر ے تاکہ عوامی مسائل حل ہوسکیں ۔وفد میں جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر و وسٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر سیف الدین ایڈوکیٹ ،ڈپٹی پارلیمانی لیڈر قاضی صدر الدین اور ٹاؤن چیئرمین لانڈھی عبدالجمیل خان بھی شامل تھے ۔
جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے ٹاؤن و یوسی کی سطح پر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور واٹر کارپوریشن کی تقسیم کار ،آکٹرائے ضلع ٹیکس کی مد میں ٹاؤنز اور یوسی میں آنے والی موجودہ ناکافی رقم اور اس میں خاطر خواہ اضافے ،پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کے طریقہ کار اور یوسیز کو مضبوط و مستحکم (Empower)کرنے سمیت ملازمین کی بڑی تعداد اور سرکاری افسران کے رویے پر گفتگو کی اور یہ بھی کہا کہ افسران کے تقرر اور تبادلوں کے حوالے سے اعتماد میں لیا جائے اور اہل و دیانت دار افسران مقرر کیے جائیں ۔ ملاقات میں سالانہ ترقیاتی پروجیکٹ پر بھی خصوصی طور پر توجہ دلائی گئی اورپانی کے بحران اور بیشتر علاقوں میں پانی کی عدم فراہمی سے عوام کی مشکلات کو بھی حل کرنے پر زور دیا۔ صوبائی وزیر نے جماعت اسلامی کے رہنماؤں کی جانب سے پیش کیے گئے نکات اور منتخب نمائندوں کو درپیش انتظامی و مالی مشکلات و پریشانیوں کو دور کرنے کی یقین دہانی کروائی ، ملاقات میں مذکورہ بالا مسائل کے حل کے حوالے سے آئندہ بھی ملاقاتیں کرنے پر اتفاق کیا گیا۔