اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل حصین براہیم طحہ کاکشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کا اعادہ

 بنجول(صباح نیوز) اسلامی تعاون تنظیم نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق  مسلہ کشمیر کے حل پر  زور دیا ہے ۔ گیمبیا کے دارالحکومت بنجول میں او آئی سی  کا 15واں سربراہی اجلاس شروع ہو گیا ہے ۔

اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل حصین براہیم طحہ  نے افتتاحی اجلاس میں  اپنی رپورٹ پیش کی رپورٹ میں مسلہ کشمیر کے حل کے لیے  اسلامی تعاون تنظیم  کی کوششوں کا ذکر بھی شامل ہے ، کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے حصین براہیم طحہ  نے کہا کہ او آئی سی  کے  نمائندہ خصوصی برائے جموں وکشمیر یوسف محمد الدوبے  نے  گزشتہ سال آزاد کشمیر کا دورہ کیا تھا اس دورے  کے دوران وزیر خارجہ پاکستان ، آزاد کشمیر کے صدر اور وزیر اعظم سے ملاقاتیں ہوئیں ہیں جبکہ کشمیری مہاجر کیمپوں کا بھی دورہ کیا گیا تاکہ   زمینی صورت  حال کا جائزہ لیا جا سکے ۔

انہوں نے بتایا کہ  5 فروری 2024 کو پاکستان میں یوم  یک جہتی کشمیر منایا گیا  سیکرٹری جنرل نے او آئی سی  سیکرٹریٹ میں کشمیر سے متعلق ایک  فوٹو نمائش میں بھی شرکت کی اس موقع پر اپنے خطاب میں کشمیریوں کے حق خودارادیت  کی  حمایت کا اعادہ کیا گیا انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ  او آئی سی مسلہ کشمیر  کے حل اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے  تما م  سٹیک ہولڈر سے مل کر کام کے لیے تیار ہے ۔