6مئی سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے کے لئے سپریم کورٹ کے 7بینچز تشکیل

اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان میں 6مئی سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے کے لئے کل 7بینچز تشکیل دے دیئے گئے۔ تشکیل دیئے گئے بینچز میں ایک 6رکنی لارجر بینچ،4تین رکنی ریگولر بینچ، ایک تین رکنی خصوصی بینچ اور ایک 2رکنی ریگولر بینچ شامل ہیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس سید منصورعلی شاہ، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس نعیم اخترافغان پر مشتمل 6رکنی لارجر بینچ 7مئی منگل کے روز اسلام آباد کے 6ججز کی جانب سے سپریم جوڈیشل کونسل کو لکھے گئے خط کی روشنی میں لئے گئے ازخود نوٹس سمیت دائر15درخواستوں پر سماعت کرے گا۔

کیس کی سماعت دن ساڑھے 11بجے ہو گی جو کہ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر براہ راست دکھائی جائے گی۔ اٹارنی جنرل آف پاکستان منصورعثمان اعوان وفاقی حکومت کی جانب سے جواب جمع کروائیں گے جبکہ عدالت نے حکم دیا تھا کہ اگر کوئی انٹیلجینس ایجنسی جواب جمع کرواتی ہے توہ بھی اٹارنی جنرل کے زریعہ جمع کروائے گی۔ جبکہ عدالت نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان، پاکستان بار کونسل اوردیگر درخواست گزاروں کو ہدایت کی تھی کہ وہ بھی اپنا جواب 6مئی تک جمع کروادیں تاکہ ججز 7مئی کی سماعت سے قبل اسے پڑھ سکیں۔

جبکہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس نعیم اخترافغان پر مشتمل 3رکنی بینچ 6مئی سوموار کے روز سے 10مئی بروز جمعہ تک معمول کے کیسز کی سماعت کرے گا۔ بینچ 6مئی کو فیض آباد دھرنا کیس کے حوالہ سے دائر نظر ثانی درخواستوں پر سماعت کرے گا۔ اٹارنی جنرل منصورعثمان اعوان ،تین رکنی فیض آباد دھرنا کمیشن کی رپورٹ بینچ کے سامنے پیش کریں گے۔ سماعت کے حوالہ سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھی نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

جبکہ جسٹس سید منصورعلی شاہ کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل 3رکنی بینچ6 مئی سوموار کے روز سے 10مئی بروز جمعہ تک معمول کے کیسز کی سماعت کرے گا۔ بینچ سوموار کے روز سنی اتحاد کونسل اور اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کی جانب سے الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی اور خیبرپختونخوااسمبلیوں میں مخصوص نشستیں الاٹ نہ کرنے کے معاملہ پردائر9درخواستوں پر سماعت کرے گا۔درخواستوں میں سیکرٹری الیکشن کمیشن کے توسط سے الیکشن کمیشن پاکستان اوردیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

جسٹس منیب اخترکی سربراہی میں جسٹس شاہ وحید پر مشتمل 2رکنی بینچ 6مئی سوموار کے روز سے 10مئی بروز جمعہ تک معمول کے کیسز کی سماعت کرے گا۔ جسٹس یحییٰ خان آفریدی کی سربراہی میںجسٹس امین الدین خان اور جسٹس عائشہ اے ملک پر پر مشتمل 3رکنی بینچ6مئی سوموار کے روز سے 10مئی بروز جمعہ تک معمول کے کیسز کی سماعت کرے گا۔ جسٹس جمال خان مندوخیل کی سربراہی میں جسٹس سید حسن اظہر رضوی اورجسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل تین رکنی بینچ 6مئی سوموار کے روز سے 10مئی بروز جمعہ تک فوجداری کیسز کی سماعت کرے گا

جس میں سزائے موت اورعمر قید کے قیدیوں کی اپیلیں اور ضمانت قبل ازگرفتاری اور بعد ازگرفتاری کی درخواستیں بھی شامل ہیں۔ جسٹس منیب اخترکی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس عائشہ اے ملک پر مشتمل 3رکنی خصوصی بینچ منگل 7مئی کو دن ساڑھے 11بجے کمرہ عدالت نمبر3میںڈائریکٹر جنرل فیڈرل گورنمٹ ایمپلائز ہائوسنگ فائونڈیشن اسلام آباد اوردیگر کی جانب سے الاٹمنٹ پالیسی کے معاملہ پرعدنان سید، فضل سبحان،عمر فاروق نجیب الرحمان عباسی،نعیم اللہ بھٹی،محمد عبدلبصیر،شاہد انوارخان، محمد طارق سعید حجازی ، میاں شبیرانورمحمد اسلم اوردیگر کے خلاف دائر 40درخواستوں پر سماعت کرے گا ۔