این آئی ایم کے 35ویں ایس ایم سی افسران کا بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

اسلام آباد(صباح نیوز)نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ (این آئی ایم) اسلام آباد کے 35ویں سینئر مینجمنٹ کورس (ایس ایم سی) کے افسران نے ڈائرکٹنگ سٹاف محترمہ ثمرین زہرہ کی رہنمائی میں  آج  بینظیر انکم سپورٹ پروگرام  ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا ۔ اس دورے کا مقصد بی آئی ایس پی کے آپریشنز اور سماجی تحفظ پروگراموں کے نفاذ میں  بی آئی ایس پی کی مہارت کا جائزہ لینا تھا ۔

سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد نے بی آئی ایس پی میں افسران کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں  بی آئی ایس پی پر ایک جامع  بریفنگ دی۔ سیکرٹری عامر علی  احمد نے بی آئی ایس پی کے بنیادی اصولوں، اس کی ملک بھر میں موجودگی اور پسماندہ کمیونٹیز کو بااختیار بنانے کے اس کے اہم مشن کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔سیشن کے دوران، سیکرٹری عامر علی  احمد نے بی آئی ایس پی کے بنیادی اقدامات بشمول  بینظیر کفالت، بینظیر تعلیمی وظا ئف اور بینظیر نشوونما پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے شرکا کو  مستحقین کی پروگرام میں رجسٹریشن کے عمل کے بارے میں آگاہ کیا اور  ہنگامی حالات کے دوران  بی آئی ایس پی کے اہم کردار پر زور دیا۔مزید برآں، سیکریٹری بی آئی ایس پی نے بی آئی ایس پی کی جانب سے متعارف کرائے گئے متعدد حالیہ  اقدامات  پر روشنی ڈالی، جن میں ادائیگی کے نئے ماڈل کا نفاذ، موبائل رجسٹریشن وہیکلز (ایم آر وی) کی تعیناتی اور ڈیجیٹل  و مالیاتی خواندگی کے پروگراموں کا آغاز شامل ہے۔ انہوں نے ہائبرڈ سوشل پروٹیکشن سکیم اور بی آئی ایس پی میں بیواں کے اندراج جیسے اقدامات کے ذریعے شمولیت کے لیے BISP کے عزم کا خاکہ بھی پیش کیا۔ایک انٹرایکٹو سوال جواب کا سیشن  بھی منعقد کیا گیا، جس میں شرکا نے BISP بجٹ اور بین الاقوامی عطیہ دہندگان کے ساتھ اس کے شراکت کے بارے میں  سوالات کئے۔ اختتام پر شرکا نے بی آئی ایس پی   بالخصوص  اسکے مشروط و غیر مشروط مالی معاونت کے پروگراموں پر  جامع بریفنگ کے لیے سیکرٹری بی آئی ایس پی کا شکریہ  ادا  کیا۔