دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے پاکستانی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں،امریکا


واشنگٹن(صباح نیوز)امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ د ہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں ،پاکستانیوں نے دہشت گردوں کے ہاتھوں بہت نقصان اٹھایا ہے۔

جاری کیے گئے اعلامیے میں ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کو دہشت گردی کا شکار نہیں ہونا چاہیے، دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے زور دیا ہے کہ طالبان یقینی بنائیں کہ افغان سر زمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو، بین الاقوامی قانونی حیثیت کے لئے طالبان کو وعدے پورے کرنا ہوں گے۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ افغانستان دوبارہ کبھی دہشت گردوں کے لئے محفوظ پناہ گاہ نہ بنے، خاص طور پر ان کے لئے جو امریکہ یا اس کے اتحادیوں کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہم انسدادِ دہشت گردی پر پاکستانی رہنماؤں کے ساتھ باقاعدہ رابطے میں ہیں، امریکہ اور پاکستان انسدادِ دہشت گردی ڈائیلاگ سمیت افغانستان پر بات کرتے رہتے ہیں۔