امریکا میں مسلم خواتین کا اسکارف زبردستی اتارنے کی ویڈیو وائرل،مسلم کمیونٹی کی جانب سے شدید مذمت


 ایریزونا(صباح نیوز) امریکی ریاست ایریزونا میں 4مسلم خواتین کا اسکارف زبردستی اتار لیا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حال ہی میں ایریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی کیمپس میں طلبہ کی جانب سے فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی تھی۔ اس دوران پولیس نے مظاہرین  کیخلاف آپریشن کرتے ہوئے 70طلبہ کوگرفتار کرلیا۔ تاہم اب گرفتار خواتین میں سے 4مسلم خواتین کے اسکارف اتارنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے جس میں مسلح افراد کو خواتین کے اسکارف اتارتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد امریکی مسلم کمیونٹی کی جانب سے اس عمل کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ اس حوالے سے مسلم رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ایریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی کا پولیس ڈیپارٹمنٹ اس واقعے میں ملوث ہے۔