اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل ریفرنس کی سماعت 19 اپریل تک ملتوی

راولپنڈی (صباح نیوز)اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل ریفرنس کی سماعت 19 اپریل تک ملتوی کردی گئی ۔ 190ملین پاؤنڈ اسکینڈل ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت میں ہوئی۔ کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔نیب کی جانب سے  مزید 9 گواہان کو پیش کیا گیا، مجموعی طور پر نیب کے 15 گواہان کے بیانات قلمبند 13 پر پر جرح مکمل کرلی گئی۔دوران سماعت بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کمرہ عدالت میں موجود تھے، نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل مظفرعباسی اورپراسیکیوٹر امجد پرویز ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر مزید 6 گواہان کو طلب کرلیا۔بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے وکلا ظہیرعباس چودھری اور بیرسٹر علی ظفر پیش ہوئے، بشری بی بی کی جانب سے طبی معائنے کی درخواست دائر کی گئی۔ جس پر عدالت نے جمعرات  12 بجے تک ڈاکٹر عاصم یونس سے بشری بی بی کا طبی معائنہ کرنے کا حکم دے دیا،علاوہ ازیں میڈیا رپورٹس کے مطابق اڈیالہ جیل راولپنڈی میں کیس کی سماعت کے لئے کمرہ عدالت کا نقشہ ہی تبدیل کر دیا گیا ، کمرہ عدالت میں 3 شیشے اور لکڑی کی دیواروں کی اونچائی 9 فٹ کر دی گئی، میڈیا باکس میں کوریج کے نئے ضابطہ کار سے متعلق حکم نامہ بھی چسپاں کر دیا گیا ہے ۔ضابطہ کار کے مطابق میڈیا بانی پی ٹی آئی اور وکلا سے کمرہ عدالت میں سوال نہیں کرسکتا،سوال کرنے والے میڈیا نمائندگان کو کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا جائے گا،سوال کرنے والے میڈیا نمائندگان کے دوبارہ جیل داخلے پر پابندی ہو گی،اڈیالہ جیل حکام نے میڈیا باکس میں کیمرہ بھی نصب کر دیا۔